ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا سے ملاقات پر قیاس آرائیاں
حیدرآباد۔/31 جولائی، ( سیاست نیوز) کانگریس اور بی آر ایس کے درمیان ارکان کے انحراف کے مسئلہ پر جاری تنازعہ کے دوران بی آر ایس کے رکن اسمبلی ملاریڈی نے سی ایل پی آفس پہنچ کر ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا سے ملاقات کی۔ بھٹی وکرامارکا کے ہمراہ رکن اسمبلی ملا ریڈی کانگریس لیجسلیچر پارٹی آفس پہنچے اور دونوں قائدین کے درمیان کافی دیر تک بات چیت رہی۔ ڈپٹی چیف منسٹر سے کانگریس آفس پہنچ کر ملا ریڈی کی ملاقات پر سیاسی حلقوں میں مختلف تبصرے کئے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ ملا ریڈی نے حالیہ دنوں میں کانگریس میں شمولیت کی مساعی کی تھی لیکن چیف منسٹر ریونت ریڈی نے انہیں شامل کرنے سے انکار کیا تھا۔ 1
اسمبلی کے احاطہ میں آج بی آر ایس کے دو منحرف ارکان نے پارٹی آفس میں کے ٹی آر اور دیگر قائدین سے ملاقات کی جس کے بعد منحرف ارکان کی گھر واپسی سے متعلق اطلاعات گشت کرنے لگیں۔ ایسے میں کانگریس آفس پہنچ کر ملاریڈی کا بھٹی وکرامارکا سے ملاقات کرنا بی آر ایس حلقوں میں موضوع بحث بن چکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس نے جوابی حکمت عملی کے تحت ملاریڈی کی بھٹی وکرامارکا سے ملاقات طئے کرائی۔1