بی آر ایس رکن اسمبلی پرکاش گوڑ کی آج کانگریس میں شمولیت

   

حیدرآباد ۔ 11۔ جولائی (سیاست نیوز) بی آر ایس ارکان اسمبلی کی کانگریس میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے ۔ راجندر نگر اسمبلی حلقہ کے بی آر ایس رکن اسمبلی پرکاش گوڑ کل 12 جولائی کو کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے ۔ ان کے ہمراہ دو میونسپل صدورنشین بھی کانگریس میں شامل ہوں گے ۔ چیف منسٹر اور صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی موجودگی میں شمولیت اختیار کی جائے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی بی آر ایس قائدین کو کانگریس کا کھنڈوا پہنائیں گے ۔ واضح رہے کہ پرکاش گوڑ نے اپریل میں ریونت ریڈی سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی تھی۔ تاہم انہوں نے کانگریس میں شمولیت کی اطلاعات کو مسترد کردیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس قائدین سے پرکاش گوڑ مسلسل ربط میں تھے اور بعض تیقنات ملنے کے بعد انہوں نے کانگریس میں شمولیت کی تاریخ طئے کردی ہے۔ اسی دوران بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے پرکاش گوڑ کی امکانی شمولیت پر بات چیت کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ کے ٹی آر کی مداخلت کے سبب گزشتہ ماہ پرکاش گوڑ کی کانگریس میں شمولیت کسی حد تک ٹال دی گئی تھی۔ پرکاش گوڑ 2009 اور 2014 میں تلگو دیشم کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے جبکہ 2014 میں بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی اور مسلسل دو مرتبہ بی آر ایس کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے۔ بی آر ایس سے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے ارکان اسمبلی کی تعداد 8 ہوچکی ہے۔ 1