بی آر ایس رکن اسمبلی ڈاکٹر راجیا کی دامودھر راج نرسمہا سے ملاقات‘ کانگریس میں شمولیت کا امکان

   

حیدرآباد۔/5 ستمبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس رکن اسمبلی ڈاکٹر ٹی راجیا کی کانگریس میں شمولیت کے امکانات روشن ہوگئے جب ہنمکنڈہ میں راجیا نے کانگریس ورکنگ کمیٹی رکن اور سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا سے ملاقات کی۔ بی آر ایس نے اسٹیشن گھن پور سے راجیا کو ٹکٹ سے محروم کرکے کڈیم سری ہری کو امیدوار بنایا ہے۔ اس فیصلہ پر راجیا کافی ناراض تھے اور انہوں نے اپنے حامیوں کے روبرو روتے ہوئے ناراضگی ظاہر کی۔ ٹکٹ سے محرومی کے بعد وہ اپنے حامیوں سے مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورت کررہے تھے۔ ہنمکنڈہ کی ایک ہوٹل میں دامودھر راج نرسمہا سے ملاقات کے بعد کانگریس میں شمولیت کی اطلاعات گشت کررہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق 45 منٹ کی اس ملاقات میں دامودھر راج نرسمہا نے راجیا کو کانگریس میں شمولیت کی دعوت دی اور اسٹیشن گھن پور سے ٹکٹ کا بھروسہ دلایا۔ ملاقات سے ایک دن قبل مندر کی تقریب میں راجیا اور کڈیم سری ہری کا سامنا ہوا اور دونوں نے مصافحہ کیا۔ وہاں سے سیدھے راجیا ہوٹل پہنچے جہاں دامودھر راج نرسمہا ان کا انتظار کررہے تھے۔ دونوں کی ملاقات کی تصویر سوشیل میڈیا میں وائرل ہوگئی جس کے بعد کہا جا رہا ہے کہ راجیا جلد کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کریں گے۔