کانگریس قائد ملو روی سے ملاقات پر چیف منسٹر کے سی آر کی برہمی
حیدرآباد ۔12 ۔ جون (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن کونسل کے دامودر ریڈی کو پارٹی کی تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے کیونکہ انہوں نے پردیش کانگریس کے نائب صدر ڈاکٹر ملو روی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت کا اشارہ دیا ہے ۔ دامودر ریڈی کی ملو روی سے ملاقات کی تفصیلات منظر عام پر آتے ہی بی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے سینئر قائدین سے اس سلسلہ میں مشاورت کی ۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مخالف پارٹی سرگرمیوں کو برداشت نہ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے پارٹی کا وقار متاثر ہوگا ۔ بتایاجاتا ہے کہ قانون ساز کونسل میں گورنمنٹ چیف وہپ بھانو پرساد کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی کو دامودر ریڈی کی رکنیت ختم کرنے کی درخواست دیں۔ دامودر ریڈی کے کانگریس میں شمولیت کی صورت میں انہیں کونسل کی رکنیت سے نااہل قرار دیا جاسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ جنوری 2022 ء میں دامودر ریڈی قانون ساز کونسل کیلئے نامزد کئے گئے اور ان کی میعاد جنوری 2028 ء تک رہے گی۔ دامودر ریڈی بنیادی طور پر کانگریس قائد ہیں اور 2019 ء میں بی آر ایس کے تین ارکان کونسل کو کانگریس میں شمولیت پر رکنیت سے نااہل قرار دیا گیا تھا جن میں بھوپتی ریڈی ، یادو ریڈی اور راملو نائک شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر نے کانگریس میں شمولیت کی تیاری کرنے والے بی آر ایس قائدین پر نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ ر