بخار اور کمزوری ۔ بلڈ شوگر میں اضافہ ۔ حالت مستحکم
حیدرآباد 3 جولائی ( سیاست نیوز ) بی آر ایس سربراہ و سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ناسازی طبیعت کی بناء پر یشودھا ہاسپٹل سوماجی گوڑہ میں شریک کردیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ چندر شیکھر راؤ نے آج شام کمزوری کی شکایت کی تھی جس کے بعد انہیں دواخانہ سے رجوع کردیا گیا ۔ انہیںہلکا بخار بھی بتایا گیا ہے ۔ دواخانہ کے حکام نے بتایا کہ بی آر ایس سربراہ کو کمزوری کی شکایت پر دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے ۔ ڈاکٹرس نے یہاں ان کے کچھ معائنے کئے ہیں۔ ان کی بلڈ شوگر کی سطح میں اضافہ ہوگیا ہے اور بلڈ پریشر کم درج کیا گیا ہے ۔ اس کے عالوہ ان کے تمام اعضائے رئیسہ معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ دواخانہ کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ کے سی آر کو آبزرویشن میں رکھا گیا ہے اور ان کی ذیابطیس کم کرنے اور بلڈ پریشر معمول پر لانے کیلئے ادویات دی جا رہی ہیں۔ ان کی حالت مستحکم ہے ۔ اس دوران چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے چندر شیکھر راؤ کی صحت کے تعلق سے دریافت کیا جب انہیں ان کے شریک دواخانہ ہونے کی اطلاع ملی ۔ چیف منسٹر نے طبی ماہرین اور عہدیداروں سے بات کرتے ہوئے ہدایت دی کہ بی آر ایس سربراہ کو بہترین علاج فراہم کیا جائے اور کوئی کسر باقی نہ رکھی جائے ۔ انہوں نے کے سی آر کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا ہے ۔