بائیں بازو جماعتوں کا اجلاس، کانگریس سے انتخابی مفاہمت کی تردید
حیدرآباد ۔30۔ جون (سیاست نیوز) سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری پی ویرا بھدرم نے بائیں بازو جماعتوں کے کانگریس کے ساتھ انتخابات میں حصہ لینے کی اطلاعات کی تردید کی ۔ بی آر ایس سے تعلقات ختم کرتے ہوئے کانگریس کے ساتھ مفاہمت کے بارے میں سوشیل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا میں پھیلائی جارہی خبروں کی ویرا بھدرم نے تردید کی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا تھا کہ اسمبلی اور پارلیمنٹ الیکشن میں کمیونسٹ جماعتوں کے ساتھ بی آر ایس مفاہمت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے نشستوں کے مسئلہ پر بائیں بازو جماعتوں سے کوئی بات چیت نہیں کی اور نہ ہی کمیونسٹ جماعتوں کے خلاف بی آر ایس نے کوئی بیان دیا۔ بعض وزراء اور ارکان اسمبلی اپنی نشستوں کو بچانے کیلئے غلط پرچار کر رہے ہیں۔ اسی دوران سی پی آئی ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میں دونوں کمیونسٹ جماعتوں کے قائدین کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ ، چاڈا وینکٹ ریڈی ، پی وینکٹ ریڈی اور سی پی ایم کے جے رنگا ریڈی اور سی ایچ سیتا راملو نے شرکت کی۔ اجلاس میں ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ بی آر ایس سے انتخابی مفاہمت اور انتخابی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ کے سامبا سیوا راؤ نے واضح کیا کہ سی پی آئی اور سی پی ایم متحدہ طور پر انتخابات میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مفاہمت کے مسئلہ پر جب کبھی کے سی آر مدعو کریں گے بائیں بازو قائدین ملاقات کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ بی آر ایس سے مفاہمت نہ ہونے کی صورت میں سی پی آئی اور سی پی ایم متحدہ طور پر اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔ر