ایٹالہ راجندر خطرہ ظاہر کرنے پر وزیر کے ٹی آر کا فوری ردعمل
حیدرآباد۔یکم۔جولائی(سیاست نیوز) بھارت راشٹر سمیتی پی کوشک ریڈی کو ’بلی کا بکرا ‘ بنا رہی ہے! رکن اسمبلی بی جے پی ایٹالہ راجندر اور ان کی اہلیہ جمنا نے پی کوشک ریڈی پر ایٹالہ راجندر کے قتل کی سازش رچنے کا الزام عائد کیا تھا جس پر وزیر کے ٹی راما راؤ نے فوری طور پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مسٹر انجنی کمار کو ہدایت دی تھی کہ وہ اندرون تین یوم کوشک ریڈی پر عائد کئے گئے الزامات کی تحقیقات کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرے اور سابق وزیر و رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر کی سیکیوریٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں ۔ کے ٹی راما راؤ کی جانب سے ڈی جی پی سے رابطہ اور ایٹالہ راجندر کی سیکیوریٹی اور ان کے الزامات کی تحقیقات کی ہدایت کے بعدکہا جا رہاہے کہ بھارت راشٹرسمیتی پی۔ کوشک ریڈی کو ’بلی کا بکرا‘ بنا رہی ہے ۔ کوشک ریڈی جو کہ ایٹالہ راجندر کے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد بی آر ایس میں شامل ہوئے تھے اور پارٹی نے انہیں رکن قانون ساز کونسل بناتے ہوئے چیف وہپ کا عہدہ حوالہ کیاتھا نے اس سلسلہ میں دریافت کرنے پر کہا کہ ان کی پارٹی میں اس طرح کی کوئی سازش نہیں ہوتی اور نہ ہی وہ قتل و غارتگیری کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ حضور آباد حلقہ اسمبلی سے مقابلہ کرنے والے کوشک ریڈی پر عائد کردہ الزامات کے سلسلہ میں بی آر ایس قائد سے دریافت کرنے پر یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ حضور آباد میں بی آر ایس کی کامیابی کے امکانات میں اضافہ کی وجہ سے اس طرح کے الزامات عائد کئے جا رہے ہیں جبکہ بھارت راشٹرسمیتی تشدد اور قتل کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی اور تلنگانہ میں کسی بھی اپوزیشن قائد کو کسی طرح کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔واضح رہے کہ ایٹالہ راجندر کی اہلیہ جمنا کی جانب سے پریس کانفرنس کے دوران ایٹالہ راجندر کی زندگی کو لاحق خطرات کے متعلق خدشہ ظاہر کئے جانے پر مرکزی حکومت نے ایٹالہ راجندر کو ’وائی ‘ زمرہ کی سیکیوریٹی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔م