بی آر ایس قائدین کی کانگریس میں شمولیت

   

کاماریڈی :8؍ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)بی آرایس پارٹی کو انتخابات سے عین قبل اس وقت شدید جھٹکہ لگا کہ بی آرایس پارٹی کے ماچہ ریڈی منڈل پرجا پریشد کے صدر نرسنگ رائو ، ضلع پریشد رکن 21 منڈل پرجا پریشد کے اراکین ، سرپنچوں کے علاوہ 3تا 4 افراد بی آرایس سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے محمد علی شبیر کی قیادت میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے پر محمد علی شبیر نے ان کا کانگریس پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں پارٹی کھنڈوا پہنا کر پارٹی میں شامل کرلیا۔ بعدازاں شبیر علی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیف منسٹر چندر شیکھر رائو نے کل کاماریڈی دورہ کے موقع پر اپنی تقریر میں کاماریڈی ضلع کو برخواست کئے جانے کے بارے میں عوام کو گمراہ کیا تھا کاماریڈی ضلع کو کسی بھی صورت میں برقرار رکھا جائیگا اور کوئی بھی طاقت کاماریڈی ضلع کو برخواست نہیں کرے گی ۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کالا دھن لاکر جن دھن کھاتہ میں 15 لاکھ ڈالنے کا اعلان کیا تھا اور اب جن دھن کھاتہ میں ایک روپیہ بھی جمع نہیں کیا گیا لیکن مودی کے دوستوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے امبانی ، ادانی کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے ۔ ماچہ ریڈی منڈل پرجا پریشد کے صدور اور اراکین سرپنچوں کی علیحدگی سے پارٹی کو شدید جھٹکہ لگا ہے اور پارٹی کا مکمل طور پر صفایا ہوگیا ہے ۔