بی آر ایس قائدین کے مابین تشہیری جنگ

   

حیدرآباد۔22۔جون(سیاست نیوز) بھارت راشٹر سمیتی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان بیانرس کی جنگ کے بعد اب بی آر ایس بمقابلہ بی آر ایس ہورڈنگس اور فلیکس کی جنگ شروع ہوچکی ہے اور شہر کے اطراف کے حلقہ جات اسمبلی میں بی آر ایس قائدین ایک دوسرے کے ہورڈنگس اور فلیکس کو نقصان پہنچا نے لگے ہیں۔بی آر ایس قائدین اور موجودہ ارکان اسمبلی کے علاوہ دیگر کے درمیان رسہ کشی اب کھل کر سامنے آنے لگی ہے ۔ ذرائع کے مطابق سرکردہ پارٹی قائدین ضلع اور منڈل واری اساس پر جاری قائدین کے درمیان اختلافات کو دور کرنے میں ناکام ہونے لگے ہیں ۔ نلگنڈہ ‘ سوریہ پیٹ‘ قطب اللہ پور‘ جوبلی ہلز‘ اپل‘ دلسکھ نگر‘ پٹن چیرو اور سکندرآباد و دیگر اضلاع میں بی آر ایس قائدین کے اختلافات ہورڈنگس اور بیانرس کے ذریعہ منظر عام پر آنے لگے ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادکے حدود میں موجود حلقہ جات اسمبلی میں جہاں ارکان اسمبلی کے خلاف دیگر بی آر ایس قائدین اپنی دعویداری پیش کر رہے ہیں ان میں فلیکس جنگ تیز ہونے لگی ہے اور بی آر ایس قائدین کا الزام ہے کہ منتخبہ ارکان اسمبلی اپنے پارٹی قائدین کے پوسٹرس‘ ہورڈنگس و فلیکس نکلوانے جی ایچ ایم سی کی مدد حاصل کر رہے ہیں۔ ارکان اسمبلی کارپوریٹرس اور دیگر بااثر قائدین کا الزام ہے کہ ان کے اندرون پارٹی مخالفین کی جانب سے ان کے پوسٹرس اور ہورڈنگس رات کے اندھیرے میں پھاڑے جا رہے ہیں۔ پارٹی میں جاری داخلی اختلافات پارٹی کے لئے درد سر بنتے جا رہے ہیں۔م