بی آر ایس لیجسلیٹیو پارٹی کا اجلاس 21 ڈسمبر کو منعقد ہوگا

   

Ferty9 Clinic

دریائے گوداوری اور کرشنا کے پانی میں تلنگانہ سے ناانصافی کا جائزہ لیا جائیگا : ہریش راؤ
حیدرآباد 16 ڈسمبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی ہریش راؤ نے بتایا کہ بی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کا جو اجلاس 19 ڈسمبر کو منعقد ہونے والا تھا، اِسے ملتوی کرتے ہوئے 21 ڈسمبر کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ 19 ڈسمبر کو پارلیمنٹ کا اجلاس اختتام کو پہونچ رہا ہے، جس کے پیش نظر بی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ کو بھی اجلاس میں شرکت کی سہولت فراہم کرنے کے لئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ انھوں نے کہاکہ 21 ڈسمبر کو بی آر ایس کے ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون میں پارٹی کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی قیادت میں بی آر ایس پارٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ دوسرے اہم قائدین شرکت کریں گے۔ ہریش راؤ نے کہاکہ دریائے کرشنا اور گوداوری کے پانی میں تلنگانہ کی حصہ داری سے ناانصافی ہورہی ہے۔ اِس اجلاس میں اِس پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں دونوں دریاؤں کے پانی میں تلنگانہ کے حصہ کو حاصل کرنے کے لئے بڑے پیمانہ پر اقدامات کئے گئے۔ ساتھ ہی ریاست میں کئی آبپاشی پراجکٹس تعمیر کئے گئے۔ حکومت کی تبدیلی کے بعد کانگریس حکومت اِن ادھورے کاموں کو مکمل کرنے سے گریز کررہی ہے جس پر اجلاس میں غور کیا جائے گا۔ ہریش راؤ نے کہاکہ دریائے گوداوری اور کرشنا کے پانی کو پڑوسی ریاست آندھراپردیش چوری کررہی ہے۔ ریاستی حکومت اس کو روکنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ تلنگانہ کے مفادات کا تحفظ کرنے کے لئے بی آر ایس پارٹی کبھی کسی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ کانگریس حکومت ناکام ہوگئی ہے لیکن بی آر ایس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرتے ہوئے اِس کے خلاف عوامی تحریک شروع کرے گی۔ اِس اجلاس میں تلنگانہ کے دوسرے مسائل اور کانگریس کے وعدوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔2