بی آر ایس لیجسلیچر پارٹی اجلاس میں 5 ارکان اسمبلی غیر حاضر

   

ایک رکن کونسل بھی شامل ، سیاسی حلقوں میں دوبارہ چہ میگوئیاں
حیدرآباد 23 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس میں 5 ارکان اسمبلی اور ایک رکن کونسل نے شرکت نہیں کی جس کے بعد سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیوں کا بازار گرم ہوگیا ہے ۔ تلنگانہ بھون میں آج قائد اپوزیشن کے سی آر کی صدارت میں بی آر ایس مقننہ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں پارٹی کے ارکان اسمبلی اور ارکان کونسل کو پابندی سے شرکت کرنے کا حکم دیا گیا تھا ۔ آج سے اسمبلی کا بجٹ اجلاس شروع ہوا ہے ۔ توقع کی جارہی تھی کہ بحیثیت اپوزیشن قائد پہلی مرتبہ کے سی آر اسمبلی کو پہونچیں گے اور تاہم وہ پارٹی کی آنجہانی رکن اسمبلی کو خراج عقیدت پیش کرنے نہیں پہونچے اور نہ بجٹ اجلاس کی حکمت عملی تیار کرنے والے بی اے سی کے اجلاس میں شرکت کی لیکن انہوں نے تلنگانہ بھون میں بی آر ایس مقننہ پارٹی اجلاس میں شرکت کی ہے ۔ ساتھ ہی اسمبلی اجلاس میں شرکت کرنے والے ارکان اسمبلی میں چند ارکان اسمبلی بی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی ۔ بتایاجاتا ہے کہ مانک راؤ ( ظہیر آباد ) ، کے پربھاکر ریڈی ( دوباک ) ، بی لکشما ریڈی ( اپل ) ، پدما راؤ گوڑ ( سکندرآباد ) ، ٹی سرینواس یادو ( صنعت نگر ) غیر حاضر ارکان اسمبلی کی فہرست میں شامل ہے ۔ مانک راؤ ناسازی صحت کی وجہ سے حاضر نہ ہونے کی اطلاع ملی ہے ۔ اس طرح ارکان کونسل میں چلا وینکٹ رام ریڈی بھی غیر حاضر رہے ہیں جب کہ رکن کونسل جی وینکنا تاخیر سے اجلاس میں پہونچے ۔ ریاست میں کئی دنوں سے یہ افواہیں گشت کررہی ہے کہ بی آر ایس کے چند ارکان اسمبلی ارکان کونسل کانگریس سے رابطے میں ہیں اور وہ کسی بھی وقت پارٹی تبدیل کرسکتے ہیں ۔ اس اجلاس میں جس میں پارٹی سربراہ کے سی آر نے خود شرکت کی اس میں 5 ارکان اسمبلی اور ایک رکن کونسل کی غیر حاضری سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے ۔۔ 2