بی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کا عنقریب کانگریس میں انضمام: ڈی ناگیندر

   

بی آر ایس میں ارکان اسمبلی کا کوئی احترام نہیں، کے ٹی آر سے ملاقات کیلئے گھنٹوں انتظار
حیدرآباد ۔ 12۔ جولائی (سیاست نیوز) رکن اسمبلی خیریت آباد ڈی ناگیندر نے پیش قیاسی کی ہے کہ عنقریب بی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کانگریس میں ضم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قیادت کے رویہ سے مایوس ہوکر ارکان اسمبلی کانگریس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں اور اسمبلی اجلاس سے قبل بی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کا کانگریس میں انضمام ہوگا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ناگیندر نے کہا کہ بی آر ایس میں محض 3 تا 4 ارکان اسمبلی باقی رہیں گے ۔ انہوں نے بی آر ایس قیادت بالخصوص ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بی آر ایس میں ارکان اسمبلی کی کوئی عزت اور توقیر نہیں تھی بلکہ ان کے ساتھ کیڑے مکوڑوں کی طرح سلوک کیا گیا۔ ناگیندر نے کہا کہ بی آر ایس میں کے ٹی آر کا رویہ ارکان اسمبلی کے ساتھ توہین آمیز تھا اور کسی بھی رکن اسمبلی کی عزت نہیں تھی۔ صورتال سے ناراض ارکان اسمبلی اپنی عزت نفس کیلئے کانگریس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس میں رہ کر اپنے حلقہ کیلئے ایک بھی اہم کام انجام نہیں دے سکے۔ ترقیاتی کام صرف سرسلہ اور چند مخصوص حلقہ جات تک محدود رہے۔ کے ٹی آر نے اپنے حلقہ میں ہزاروں کروڑ کے ترقیاتی کام انجام دیئے لیکن دیگر حلقہ جات کو ایک کروڑ کی رقم بھی جاری نہیں کی گئی۔ حیدرآباد میں عہدیداروں پر دباؤ بناتے ہوئے خیریت آباد میں جو ترقیاتی کام انجام دیئے گئے ، ان کے بلز کنٹراکٹرس کو جاری نہیں ہوئے جس کے نتیجہ میں کنٹراکٹرس احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ستائش کی اور کہا کہ چیف منسٹر نے حلقہ جات کی ترقی کیلئے فنڈس کی اجرائی کا وعدہ کیا ہے۔ حیدرآباد کے اہم مسائل کی یکسوئی کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے جن میں نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی اور شہر کے مرکزی مقامات پر بارش کے پانی کو جمع ہونے سے روکنا ہے ۔ ناگیندر نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس حکومت نے اپنے قریبی کنٹراکٹرس اور اداروں کو کام الاٹ کئے تھے۔ ناگیندر نے بتایا کہ 10 بی آر ایس ارکان اسمبلی نے ان سے ربط قائم کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت کی صورت میں عزت و وقار کے بارے میں سوال کیا۔ ناگیندر نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں عوامی نمائندے کسی بھی وقت چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے عوامی مسائل پیش کرسکتے ہیں جبکہ بی آر ایس حکومت میں ملاقات کیلئے وقت نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر سے ملاقات کیلئے ارکان اسمبلی کو گھنٹوں انتظار کی زحمت سے گزرنا پڑتا تھا۔ ارکان اسمبلی کیلئے عزت نفس عزیز ہے ، لہذا وہ بڑی تعداد میں کانگریس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کے کئی بے نامی کاروبار ہیں جن کا وقت آنے پر انکشاف کیا جائے گا۔ ناگیندر نے کہا کہ وہ نااہل قرار دینے کی درخواستوں سے خوفزدہ نہیں ہیں اور عدالت میں جواب دیں گے۔ مضبوط علاقائی پارٹیوں کے قیام سے متعلق کے ٹی آر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے ناگیندر نے کہا کہ کے ٹی آر نے تلگو دیشم کا حوالہ دیا جبکہ تلگو دیشم کے پاس باصلاحیت قیادت موجود ہے۔ وہاں ارکان اسمبلی کا احترام کیا جاتا ہے ۔ ناگیندر نے انکشاف کیا کہ آئندہ دو دنوں میں 6 ارکان اسمبلی کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے اور آئندہ دو ہفتوں میں بی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کانگریس میں ضم ہوجائے گی۔ 1