بی آر ایس منحرف ارکان کیخلاف درخواست کی ہائی کور ٹ میں سماعت

   

جسٹس وجئے سین ریڈی نے یکم اگسٹ کو آئندہ سماعت مقرر کی

حیدرآباد۔/30 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ میں بی آر ایس سے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف دائر کی گئی درخواست کی سماعت ہوئی۔ بی آر ایس اور بی جے پی کی جانب سے درخواستیں داخل کی گئیں جس کی سماعت جسٹس بی وجئے سین ریڈی کے اجلاس پر جاری ہے۔ جسٹس وجئے سین ریڈی نے آج درخواستوں کی دوبارہ سماعت کی۔ درخواست گذاروں کے وکیل نے بی آر ایس کے ٹکٹ پر کامیابی کے بعد کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے ڈی ناگیندر، کے سری ہری اور ٹی وینکٹ راؤ کو نااہل قراردینے کیلئے اسپیکر کو ہدایت دینے کی درخواست کی۔ سینئر ایڈوکیٹ جی موہن راؤ نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ تینوں ارکان اسمبلی کے خلاف اسپیکر اسمبلی پرساد کمار سے شکایت کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ کا حوالہ دیا گیا جس میں نااہل قراردینے سے متعلق درخواستوں کی اندرون تین ماہ یکسوئی کی ہدایت دی گئی۔ درخواست گذار کے وکیل نے کہا کہ تین ماہ گذرنے کے باوجود اسپیکر اسمبلی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ مباحث کے دوران ایڈوکیٹ جنرل سدرشن ریڈی کا موقف تھا کہ ہائی کورٹ کو اس بات کا اختیار حاصل نہیں ہے کہ اسپیکر اسمبلی کو ہدایت دی جائے۔ جسٹس وجئے سین ریڈی نے یکم اگسٹ کو آئندہ سماعت مقرر کی اور اس دن مباحث جاری رہیں گے۔1