بی آر ایس میں خونی رشتوں سے زیادہ پارٹی کارکنوں کی اہمیت ، کویتا کا پوسٹر نذر آتش

   

خاتون قائدین کا ردعمل ، بی آر ایس پارٹی دفاتر سے کویتا کے فوٹوز ہٹا دئیے گئے ، سوشیل میڈیا میں ان فالو کیا گیا
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کی خاتون قائدین نے پارٹی سے کویتا کو معطل کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے سربراہ کے سی آر نے خونی رشتوں سے زیادہ کروڑہا کارکنوں کے جذبات کو اہمیت دی ہے ۔ آج تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق ریاستی وزیر ستیاوتی راٹھور نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر سابق گورنمنٹ وہپ سنیتا کے علاوہ دوسری خاتون قائدین موجود تھی ۔ ستیہ وتی راٹھور نے کہا کہ گذشتہ تین ماہ سے کویتا پارٹی کے فیصلوں کی مخالفت اور قائدین پر تنقید کرتے ہوئے الزامات عائد کررہی ہیں جس کا سنجیدگی سے جائزہ لینے کے بعد کے سی آر نے یہ فیصلہ کیا ہے جس سے ہم سب مطمئن ہیں اور اس کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ کویتا کو معطل کرنے سے خواتین زیادہ خوش ہیں ۔ کویتا کا رویہ پارٹی کارکنوں کی حوصلہ شکنی ثابت ہورہا تھا ۔ پیر کے دن کویتا نے جو ریمارکس کیے ہیں اس سے کے سی آر بہت زیادہ غمزدہ ہوئے ہیں پارٹی کو مزید نقصانات سے بچانے اور کارکنوں کے حوصلے بلند کرنے کے لیے کویتا کو معطل کیا گیا ہے ۔ پارٹی میں رشتوں سے زیادہ اصولوں اور نظریات کی اہمیت ہے ۔ پارٹی کے سربراہ کے سی آر نے اپنی دختر کو پارٹی سے معطل کرتے ہوئے اس کا ثبوت دیا ہے ۔ کویتا کو پارٹی میں جو عزت و اہمیت ملی وہ اس کو سنبھال نہیں پائیں ۔ سابق گورنمنٹ وہپ جی سنیتا نے سخت ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ کویتا نے اپنی قبر خود کھودی ہے ۔ تلنگانہ سماج نے جس طرح کے سی آر کا احترام کیا اس طرح کویتا کا بھی احترام کیا ۔ بی آر ایس پارٹی نے اس لیے انہیں ایم پی اور ایم ایل سی مقابلہ کرنے کے لیے بی فارم دیا گیا ۔ بی آر ایس سے دغا بازی کرنے والوں میں کویتا کا بھی شمار ہوگیا ہے ۔ کویتا کی بی آر ایس سے معطلی کے بعد شہر کے علاوہ اضلاع کے بی آر ایس پارٹی دفاتر میں موجود کویتا کی تصاویر اور پوسٹرس کو نکال دیا گیا ۔ بی آر ایس پارٹی کے کارکنوں نے حسن آباد میں کویتا کی تصویر کو نذر آتش کرتے ہوئے ان کی جانب سے ہریش راؤ اور سنتوش کمار کے خلاف لگائے گئے الزامات کی مذمت کی ۔ اس کے علاوہ بی آر ایس کے کارکنوں نے سوشیل میڈیا میں کویتا کے خلاف ریمارکس کرنے کے ساتھ ساتھ ایکس ، انسٹاگرام اور فیس بک پیجیس میں کویتا کو ان فالو کردیا ۔۔ 2