محبوب نگر /13 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بی آر ایس حکومت مسلسل اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے سرگرم ہے اور فلاحی اقدامات کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے کیا ۔ آج دوپہر میمن برادری کے مرد و خواتین کی بی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر مخاطب تھے ۔ محمد سراج مارفانی کی قیادت میں تقریباً 200 خواتین اور 100 سے زائد مرد حضرات نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ریاستی وزیر نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس حقیقی مسلم دوست ہے ۔ ریاست فرقہ ورانہ فسادات سے محفوظ ہے ۔ انہوں نے ضلع محبوب نگر کی ترقی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلم اقلیت کیلئے 6 مائناریٹی ریزیڈنشیل اسکولس اور 6 جونئیر کالجس کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ جبکہ تلنگانہ کے کسی بھی ضلع میں اتنی تعداد میں مائناریٹی اسکولس نہیں ہیں۔ مسلم طلباء کو اعلی تعلیم سے آراستہ کرنا میرا مقصد ہے ۔ مسلم عبادت گاہوں ، عاشورخانوں اور مذہبی مقامات واسکولس کیلئے 2019 سے اب تک 200 کروڑ کی رقم میں نے خرچ کی ہے ۔ مسلمانوں کو سیاسی نمائندگی میں اہم ترین عہدے جیسے زرعی مارکٹ کمیٹی ڈی سی سی بینک چیرمین اور ریاستی مائناریٹی فینانس کارپوریشن کے چیرمین کا عہدہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ مزید بہت سارے مائناریٹی ویلفیر کے کام باقی ہیں جو ترتیب وار پورے کئے جائیں گے ۔ محمد سراج مارفانی نے کہا کہ میمن برادری وزیر سرینواس گوڑ کے ترقیاتی کام بالخصوص مسلم اقلیت کیلئے ان کے اقدامات سے متاثر ہوکر بی آر ایس میں شامل ہو رہے ہیں ۔ اس موقع پر محمد عبدالرحمن چیرمین اگریکلچر مارکٹ کمیٹی ، محمد تقی حسین صدر عیدگاہ کمیٹی ، حافظ ادریس ، مرزا جاوید بیگ رکن آر ٹی اے محمد جہانگیر ، محمد ابراہیم جوائنٹ سکریٹریز شعبہ اقلیت و دیگر موجود تھے ۔