بی آر ایس میں ناراضگیاں دن بہ دن شدت اختیار کررہی ہیں

   

ٹی ناگیشور راؤ کا کھمم میں طاقت کا مظاہرہ ، ایم ہنمنت راؤ نے ہفتہ کو اپنے حامیوں کا اجلاس طلب کیا
حیدرآباد ۔ 25 اگست (سیاست نیوز) بی آر ایس پارٹی میں امیدواروں کے اعلان کے بعد ناراضگیوں کا سلسلہ جاری ہے بلکہ دن بہ دن اس میں اضافہ ہورہا ہے۔ سابق وزیر ٹی ناگیشور راؤ نے آج ایک ہزار کار اور دو ہزار موٹر سائیکل کے ساتھ ریالی میں کھمم پہنچتے ہوئے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا اور مقابلہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ سر کٹا سکتے ہیں مگر ہرگز سر جھکا نہیں سکتے۔ بی آر ایس کے رکن اسمبلی ایم ہنمنت راؤ نے ہفتہ کو اپنے حامیوں کا اجلاس طلب کیا ہے۔ مشاورت کے بعد مستقبل کی حکمت عملی سے واقف کرانے کا اعلان کیا۔ ٹکٹ سے محروم ہونے والے ٹی راجیا نے پہلے چیف منسٹر کے فیصلے کو قبول کرنے کا اعلان کیا ہے مگر آج آئندہ دو تین دن میں جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس پر عمل کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد بی آر ایس کارکنوں میں ایک نئی بحث کا آغاز ہوگیا ہے۔ اسمبلی حلقہ پالیر ضلع کھمم سے ٹکٹ کے دعویدار ٹی ناگیشور راؤ کو چیف منسٹر نے ٹکٹ نہ دیتے ہوئے مایوس کردیا۔ چار پانچ دن تک خاموش رہنے والے ٹی ناگیشور راؤ اپنے حامیوں سے رابطہ میں تھے۔ انہوں نے آج بڑی ریالی منظم کرتے ہوئے نہ صرف اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ ساتھ ہی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا لیکن کونسی پارٹی سے اور کس حلقہ سے مقابلہ کریں گے یا پھر آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابی میدان میں اتریں گے اس کی کوئی وضاحت نہیں کی اور نہ ہی بی آر ایس پارٹی اور چیف منسٹر کے سی آر پر کسی قسم کی تنقید کی۔ صرف اتنا کہا کہ وہ سر کٹا سکتے ہیں مگر ہرگز سر جھکا نہیں سکتے اور اپنے چاہنے والوں کو اور حامیوں کو مایوس نہیں کرتے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کانگریس اور بی جے پی ٹی ناگیشور راؤ سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب وزیرصحت ہریش راؤ کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بعد اپنی ہی پارٹی میں مخالفت کا سامنا کرنے والے بی آر ایس کے رکن اسمبلی ایم ہنمنت راؤ جنہوں نے اپنے فرزند کو میدک کا ٹکٹ نہ دینے پر ناراض ہے، ہفتہ کو اپنے حامیوں کا اجلاس طلب کیا ہے جس کے بعد وہ اپنے مستقبل کی حکمت عملی کا اعلان کریں گے۔ ان کے بی آر ایس سے مستعفی ہونے کا امکان ہے یا پارٹی قیادت کی جانب سے انہیں پارٹی سے معطل کرنے کے امکانات ہیں۔ اسمبلی حلقہ اسٹیشن گھن پور کے موجودہ رکن اسمبلی ٹی راجیا کو ٹکٹ سے محروم کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر نے بی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل کڈیم سری کو امیدوار بنایا جس پر ٹی راجیا ناراض ہے۔ انہوں نے آج ایک تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ وہ آسانی سے خاموش بیٹھنے والے نہیں ہے۔ ہمیشہ عملی سیاست کا حصہ رہیں گے۔ انہوں نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس پر دو دن بعد عمل کیا جائے گا۔ن