بی آر ایس نے جو کام کیا تھا آج کانگریس اُسی راستہ پر

   

ارکان اسمبلی کی چیف منسٹر سے ملاقات پر رگھونندن راؤ کا تبصرہ
حیدرآباد۔/24 جنوری، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے 4 ارکان اسمبلی سے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات سیاسی حلقوں میں گرما گرم مباحث کا سبب بن چکی ہے۔ میدک ضلع سے تعلق رکھنے والے 4 ارکان اسمبلی اپنے حلقہ کے مسائل پر چیف منسٹر سے ملاقات کا دعویٰ کررہے ہیں لیکن سیاسی حلقوں میں اس ملاقات کے پس پردہ سیاسی مفادات کے شبہات ظاہر کئے جارہے ہیں۔ بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی رگھونندن راؤ نے ارکان اسمبلی کی ملاقات کے مسئلہ پر بی آر ایس پر سخت حملہ کیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح بی آر ایس نے اقتدار کے وقت دیگر پارٹیوں کے ارکان کو انحراف کیلئے اُکسایا تھا آج اسی طرح کی صورتحال کا بی آر ایس کو سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں حالات کبھی بھی لوٹ کر اپنے پر آسکتے ہیں۔ اکثریت کے باوجود بی آر ایس نے جو قدم اٹھائے تھے آج وہی کام کانگریس کرنا چاہتی ہے۔ بی آر ایس نے دیگر پارٹیوں کے ارکان کو شامل کرنے میں سات سال کا وقت لیا تھا لیکن کانگریس چھ ماہ میں یہ کام کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ہریش راؤ کی مرضی کے بغیر ارکان اسمبلی نے کس طرح چیف منسٹر سے ملاقات کی۔ اسی دوران میدک لوک سبھا حلقہ سے کویتا کے مقابلہ کرنے کی اطلاعات پر ضلع کے قائدین نے چوکسی اختیار کرلی ہے۔ رگھونندن راؤ نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ کے بعد بی آر ایس سے انحراف میں تیزی آئے گی۔1