بی آر ایس پارٹی کا شکست سے دوچار ارکان اسمبلی کو دور رکھنے کا فیصلہ

   

لوک سبھا انتخابات کے لیے پارٹی کے ارکان قانون ساز کونسل کو ذمہ داری ، مختلف امور کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : اسمبلی انتخابات میں شکست سے دوچار ہونے والے بی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور امیدواروں کو لوک سبھا انتخابات سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ان پر پائی جانے والی ناراضگی کے اثرات سے پارٹی کو نقصان ہونے کا اندازہ کرتے ہوئے جن اسمبلی حلقوں میں پارٹی کو نقصان پہونچا ہے وہاں پارٹی کے ارکان قانون ساز کونسل کو انچارج بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے تلنگانہ بھون میں بی آر ایس کے ارکان قانون ساز کونسل کا اجلاس طلب کیا ہے ۔ کے ٹی آر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارکان قانون ساز کونسل پارٹی کے آنکھ اور کان تصور کئے جائیں گے ۔ پارٹی کے ایم ایل سیز پارٹی قائدین اور کارکنوں کے درمیان پل کے طور پر کام کریں اور لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کے لیے انتھک جدوجہد کریں اور زیادہ سے زیادہ حلقوں پر پارٹی کو کامیاب بناتے ہوئے پارلیمنٹ میں تلنگانہ کی آواز اٹھانے کے لیے اہم رول ادا کریں ۔ کانگریس پارٹی نے کبھی پورے نہ ہونے والے 420 جھوٹے وعدے کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیا ہے ۔ مگر کانگریس حکومت وعدوں کو نبھانے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں سہ رخی مقابلہ ہوگا اور بی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کے زیادہ امکانات ہیں ۔ پارٹی کیڈر کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا پارٹی کے ارکان قانون ساز کونسل کی ذمہ داری ہے ۔ پارٹی کے سربراہ و سابق چیف منسٹر کے سی آر بہت جلد پارٹی کے ارکان قانون ساز کونسل سے ملاقات بھی کریں گے۔۔ 2