کے سی آر کے مرن برت سے ہی علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل پائی : کے ٹی آر
حیدرآباد ۔ 21 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے 29 نومبر کو ریاست کے تمام اسمبلی ہیڈکوارٹرس پر دیکشا دیوس منانے کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ وہ کریم نگر میں منعقد ہونے والے پروگرام میں شرکت کریں گے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے لیے بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر نے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالتے ہوئے 29 نومبر 2009 کو دیکشا دیوس کے نام سے مرن برت کا آغاز کیا تھا ۔ کے سی آر کی جدوجہد کا نتیجہ ہے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل پائی ہے ۔ کے سی آر کے دیکشا دیوس سے ملک میں ہلچل پیدا ہوگئی اور تمام سیاسی جماعتوں نے مرکزی حکومت پر دباؤ ڈالا اور ہرطرف تلنگانہ کا مسئلہ موضوع بحث بنا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ دیکشا دیوس کا آغاز کرنے سے قبل کے سی آر نے عزم کیا تھا ۔ تلنگانہ حاصل کیا جائے یا آخری سانس لی جائے ۔ کے سی آر کے مرن برت سے ہی مرکزی حکومت نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا ۔ کے سی آر کی قربانیوں سے 60 سالہ عوامی جذبہ کے تحت علحدہ تلنگانہ ریاست قائم ہوئی ہے ۔ بی آر ایس پارٹی نے 29 نومبر کو بڑے پیمانے پر دیکشا دیوس منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کی پارٹی کیڈر سے کے ٹی آر نے اپیل کی ہے ۔۔ 2