بی آر ایس پارٹی کی یوم تاسیس پر کے سی آر کا X اور انسٹاگرام پر اکاؤنٹس کا آغاز

   

پارٹی سے توثیق، اندرون چند گھنٹے ہزارہا فلوورس
سربراہ پارٹی کی عوام تک رسائی کی کوشش
حیدرآباد۔27اپریل(سیاست نیوز) کے چندر شیکھر راؤ جو اب تک Xسابقہ ٹوئیٹر یا انسٹا گرام جیسے سوشل پلیٹ فارمس سے دور تھے نے اپنی پارٹی کے 24ویں یوم تاسیس کے موقع پر نئے دور کی اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے X اور انسٹا گرام پر اپنے اکاؤنٹ کا آغاز کردیا ہے۔ سابق چیف منسٹر و سربراہ بھارت راشٹرسمیتی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X اور انسٹا گرام پر اپنے نئے اکاؤنٹ شروع کئے ہیں جو کہ بھارت راشٹرسمیتی کی جانب سے توثیق کردہ ہیں ۔ اکاؤنٹس پر بی آر ایس کی جانب سے اس با ت کی توثیق کی گئی ہے کہ یہ اکاؤنٹ سربراہ بی آر ایس کے ہیں ۔ کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے X اکاؤنٹ پر تحریک تلنگانہ کی جدوجہد کے دور کی ایک فوٹو شیئر کی ہے اور ان کے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم پر اکاؤنٹ کھولے جانے کے اندرون چند گھنٹے 17 ہزار فالوورس ہوچکے ہیں اور سابق ریاستی وزراء اور بھارت راشٹرسمیتی قائدین نے اسے فالو کیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ بی آر ایس کے آئی ٹی سیل کی جانب سے شروع کئے گئے اس اکاؤنٹ کے ذریعہ اب بی آر ایس سربراہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی روزمرہ کی سرگرمیوں کے علاوہ ان کی انتخابی مہم کو شیئر کیا جائے گا تاکہ ان سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعہ پارٹی کی تشہیر ہوسکے۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گذشتہ 10 برسوں کے دوران بہ حیثیت چیف منسٹر تلنگانہ اپنا ذاتی اکاؤنٹ ان پلیٹ فارمس پر شروع نہیں کیا تھا لیکن اب جبکہ وہ تلنگانہ ریاستی اسمبلی میں قائد اپوزیشن ہیں انہوں نے ان پلیٹ فارمس پر اپنے اکاؤنٹ کے ذریعہ عوام تک رسائی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔3