پریڈ گراؤنڈ کا جلسہ عام اور چیف منسٹر و سربراہ پارٹی کی پریس کانفرنس منسوخ
حیدرآباد۔25۔نومبر(سیاست نیوز) پہلے 25نومبر کو پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ جلسہ عام کی تنسیخ اور آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی پریس کانفرنس کو منسوخ کئے جانے کے بعد تلنگانہ عوام یہ کہنے لگے ہیں کہ بھارت راشٹرسمیتی رائے دہی سے قبل ہی شکست قبول کرچکی ہے!چیف منسٹر تلنگانہ وسربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج 5بجے پریس کانفرنس سے خطاب کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن لمحہ آخر میں اسے منسوخ کردیا گیا جبکہ دو یوم قبل تک پریڈ گراؤنڈ میں بی آر ایس کے عظیم الشان جلسہ عام کے سلسلہ میں خوب تشہیر کی جا رہی تھی اور اس سلسلہ میں خود وزیر داخلہ نے ویڈیو کے ذریعہ اپیل جاری کی تھی اور ان کے علاوہ کئی وزراء اور منتخبہ نمائندوں اور امیدواروں نے جلسہ عام میں شرکت کی اپیل کی تھی لیکن گذشتہ یوم اس جلسہ کو بھی منسو خ کرنے کا اعلان کردیا گیا تھا ۔پریڈ گراؤنڈ کے جلسہ عام کی تنسیخ کے علاوہ پریس کانفرنس کو منسوخ کئے جانے کے سلسلہ میں استفسار پر چیف منسٹر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ نجومیوں کے مشورہ پر کے سی آر نے 25 نومبر کے تمام پروگرام منسوخ کئے ہیں اور نجومیوں کے مشورہ کے بعد ہی اپنے پروگرامس کا دوبارہ احیاء کرنے کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ انتخابی مہم کے درمیان میں بھی پارٹی دگر گوں حالت کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر نے اپنے فارم ہاؤز پر ریاست کی خوشحالی کے نام پر سہ روزہ خصوصی مہا یگنا کا اہتمام کیا تھا اور اب جبکہ دیگر تمام سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم عروج پر بلکہ کانگریس کے سرکردہ قائدین تلنگانہ میں عوام کے درمیان ہیں ایسے میں کے چندر شیکھر راؤ کی خاموشی معنی خیز ہوچکی ہے اور کہا جار ہاہے کہ ریاستی ومرکزی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاعات کے بعد بی آر ایس پارٹی کے حوصلے پست ہوچکے ہیں اسی لئے وہ بتدریج انتخابی مہم سے غائب ہوتی جا رہی ہے۔