ریونت ریڈی سے قدیم دوستی کے باوجود مسائل پر نمائندگی جاری رہے گی : اکبرالدین اویسی
حیدرآباد۔27 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے 35 سالہ دوستی کے دعوے اور ان کی مختلف امور پر حمایت کے ساتھ ساتھ اکبرالدین اویسی نے حکومت کی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے طنز بھی کیا اور کہا کہ وہ دوستی بھی کھل کر کرتے ہیں اور اپنے مطالبات منوانے کے لئے پر زور انداز میں نمائندگی بھی کرتے ہیں۔قائد ایوان مقننہ مجلس پارٹی جناب اکبر الدین اویسی اپنے خطاب کے دوران بھارت راشٹرسمیتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان پر بھروسہ کیا تھا اوران سے دوستی کی تھی لیکن وہ غلط دوست ثابت ہوئے اور جب کبھی مجلس مطالبات کرتی تو وہ کہتے کہ سب ہوجائے گا لیکن 10 برسوں کے دوران اس دوستی میں بہت نقصان اٹھایا لیکن ہم نے بہت کچھ حاصل بھی کیا۔ انہوں نے اپنی چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے دیرینہ رفاقت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کئی برسوں قبل جو وہ ساتھ گھوما کرتے تھے تو سینیئر سیاستدان کہا کرتے تھے کہ یہ بچے کیا کریں گے لیکن آج ان بچوں نے ثابت کردیا ہے کہ یہ کیا کرسکتے ہیں اور ان میں ایک بچہ تلنگانہ ریاست کا چیف منسٹر بن چکا ہے اور دوسرا بچہ تلنگانہ کے عوام بالخصوص اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کے علاوہ دلتوں کی اس ایوان میں برسوں سے نمائندگی کررہاہے اور کرتا رہے گا۔3