کوشک ریڈی کے بیان پر کے سی آر وضاحت کریں
حیدرآباد ۔13۔ ستمبر (سیاست نیوز) خیریت آباد کے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر نے آج رکن اسمبلی اے گاندھی سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی اور مکمل تائید کا یقین دلایا ۔ بی آر ایس رکن اسمبلی کوشک ریڈی نے اے گاندھی کی قیامگاہ پر بی آر ایس کا اجلاس طلب کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم پولیس نے بی آر ایس قائدین کو گھروں پر محروس کرتے ہوئے اجلاس کی اجازت نہیں دی ۔ ڈی ناگیندر نے کوشک ریڈی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ علاقائی اختلافات کو ہوا دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی اختلافات اور سٹلرس کے خلاف بیان دیتے ہوئے کوشک ریڈی نے بی آر ایس کا حقیقی چہرہ عوام کے سامنے پیش کیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ علاقائی اختلافات کو ابھارنے سے متعلق کوشک ریڈی کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے یا پھر بی آر ایس کی پالیسی کا حصہ ہے ۔ اس سلسلہ میں کے سی آر کو وضاحت کرنی چاہئے ۔ ناگیندر نے کہا کہ حیدرآباد کے امن کو متاثر کرنے کیلئے کوشک ریڈی کے ذریعہ ہنگامہ آرائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے قواعد کی پابندی کرتے ہوئے گاندھی کو پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کا صدرنشین مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قیادت کوشک ریڈی کو استعمال کر رہی ہے اور وہ کوشک ریڈی کی طاقت اور صلاحیت سے اچھی طرح واقف ہیں۔ علاقائی اختلافات کو ہوا دینے والی بی آر ایس پارٹی بھول رہی ہے کے اسمبلی انتخابات میں آندھرا سٹلرس نے گریٹر حیدرآباد میں بی آر ایس کو کامیاب بنایا تھا ۔ بی آر ایس قائدین کو آندھرا سٹلرس کے ووٹ اور نوٹ چاہئے لیکن الیکشن کے بعد سٹلرس کے خلاف بیان بازی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین کے آندھرائی قائدین سے تجارتی روابط ہیں۔ 1