بی آر ایس کارکنوں پر کانگریس کے غنڈوں کے حملہ کا الزام : کے ٹی آر

   

راہول گاندھی کی محبت کی دوکان پر استفسار ، ایکس پر ردعمل
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے بی آر ایس کارکنوں پر کانگریس کے غنڈوں کی جانب سے حملہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی کی جانب سے محبت کی دوکان کھولنے کا جو دعویٰ کیا جارہا ہے کیا وہ یہی ہے استفسار کیا ۔ پولیس کی خاموشی پر بھی حیرت کا اظہار کیا ۔ بی آر ایس کے قائد آر ایس پروین کمار نے اپنے سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس میں اچم پیٹ کی ایک ویڈیو شیئر کیا ہے ۔ جس میں کانگریس کارکنوں کی جانب سے بی آر ایس کارکنوں پر بے تحاشہ لاٹھیوں سے حملہ کیا گیا ۔ جس وقت یہ حملہ کیا جارہا تھا وہاں پولیس موجود تھی تاہم وہ صرف تماشائی بنی ہوئی تھی ۔ پروین کمار نے ڈی جی پی کو ٹیاگ کیا ۔ اس ٹوئیٹ کو ری ٹوئیٹ کرتے ہوئے کے ٹی آر نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس حکومت پانچ ماہ میں عوامی برہمی کا سامنا کررہی ہے ۔ حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے ۔ لوک سبھا انتخابات میں جو رائے دہی ہوئی ہے اس سے کانگریس پارٹی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے اور حریف جماعتوں پر حملے کرنے میں اتر آئی ہے ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کانگریس کو شکست کا خوف ہے اور اپنا غصہ بی آر ایس کارکنوں پر اتار رہی ہے ۔ افسوس اس بات کا ہے کا جس وقت بی آر ایس کارکنوں پر حملہ ہورہا تھا پولیس وہاں موجود تھی مگر اس نے کچھ نہیں کیا ۔ سارے واقعہ کا تماشہ دیکھا ہے ۔ حکومت کی جانب سے پولیس کا بھی بیجا استعمال کیا جارہا ہے جس کی بی آر ایس سخت مذمت کرتی ہے ۔ ایسا لگتا ہے راہول گاندھی کی جانب سے اس طرح تلنگانہ میں محبت کی دوکان کھولی جارہی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس اس واقعہ کو انسانی حقوق کمیشن سے رجوع کرتے ہوئے بی آر ایس کارکنوں کو انصاف دلائے گی ۔۔ 2