بی آر ایس کارکن کے قتل پر کے ٹی آر نے برہمی کا اظہار کیا

   

اقتدار کے نشے میں اندھی ہوجانے کا کانگریس پر الزام عائد ، سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے گرام پنچایت کے پہلے مرحلے کے انتخابات میں حکمران کانگریس جماعت کی جانب سے بی آر ایس کے حامی امیدواروں کو ڈرانے دھمکانے کی سخت مذمت کی ۔ ضلع سوریہ پیٹ کے تنگاترتی اسمبلی حلقہ میں واقع لنگم پلی گاؤں میں بی آر ایس کے مقامی قائد یوملیا کا قتل کردینے پر تنقید کی اور مزید 7 کارکنوں کو زخمی کردینے پر برہمی کا اظہار کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی کے لیے حکمران جماعت غنڈہ گردی پر اتر آئی ہے ۔ ایسے حملوں سے بی آر ایس پارٹی ہرگز خوفزدہ نہیں ہوگی ۔ بلکہ مستقبل میں برداشت نہ کرنے کا اعلان کیا ۔ کے ٹی آر نے اس معاملے میں سابق ریاستی وزیر جگدیش ریڈی اور سابق رکن اسمبلی ڈی کشور سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے تازہ مقامی حالات سے واقفیت حاصل کی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس پارٹی اقتدار کے نشے میں اندھی ہوگئی ہے اور اختیارات کا بیجا استعمال کرتے ہوئے غنڈہ گردی پر اتر آئی ہے ۔ کانگریس کو اندازہ ہے جمہوری انداز میں انتخابات منعقد ہوتے ہیں تو وہ شکست سے دوچار ہوجائے گی اس لیے رائے دہندوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے بی آر ایس قائدین اور کارکنوں پر حملے کررہی ہے ۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ پارٹی اپنے ارکان خاندان ( ورکرس ) کی مکمل حفاظت کرے گی ۔ حملے میں ہلاک ہونے والے اور زخمی کارکنوں کے ارکان خاندان کی مکمل مدد کرے گی ۔ انہوں نے حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا پولیس سے مطالبہ کیا ۔۔ 2