دوباک میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح ، ہریش راؤ کا خطاب
دوباک /2 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سدی پیٹ ضلع دوباک میں آج وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے بی آر ایس ضلع صدر و میدک ایم پی کوتا پربھاکر ریڈی و دوباک بی جے پی ایم ایل اے رگھونندن راؤ کے ہمراہ مل کر 17 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کی گئی آئی او سی عمارت کا افتتاح کیا ۔ بعد ازاں آنجہانی ایم ایل اے رام لنگا ریڈی کے مجسمے کی نقاب کشائی ڈبل بیڈروم مکانات کے قریب کی گئی ۔ اس کے بعد منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں بی جے پی کے عروج کا کوئی راستہ نہیں ہے اور کانگریس جیتنے والی نہیں ہے ۔ انہو ںنے یقین ظاہر کیا کہ بی آر ایس اپرٹی تیسری بار اقتدار میں آئے گی ۔ انہوں نے اس موقع پر دوباک ایم ایل اے رگھونندن راؤ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آنجہانی رام لنگاریڈی کے منظور کردہ ترقیاتی کاموں کو لے کر ایم ایل اے اپنا نام بتارہے ہیں ۔ بی آر ایس پارٹی کے ترقیاتی کاموں کو اپنا بناکر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں ۔ ایم ایل اے رگھونندن راؤ نے جیتنے کے بعد تین برسوں میں کچھ کام نہیں کیا ۔ لیکن وہ آنے والے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے خاطر خواتین میں ساڑھیاں باٹھ رہے ہیں ۔ ضمنی انتخابات میں دوباک کے لوگوں نے رگھونندن راؤ کے جھوٹے وعدوں پر بھروسہ کرکے انہیں کامیابی دلائی تھی ۔