بی آر ایس سیکولر جماعت ہے کبھی بی جے پی سے اتحاد نہیں کیا اور نہ ہی مستقبل میں کرے گی
حیدرآباد ۔ 25 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس سیکولر نظریات رکھنے والی جماعت ہے ۔ ماضی میں نہ کبھی فرقہ پرست ذہنیت رکھنے والی جماعت بی جے پی سے اتحاد کیا اور نہ ہی مستقبل میں کرے گی ۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں کبھی فسادات نہیں ہوئے اور نہ ہی کرفیو نافذ کرنے کی نوبت آئی ہے ۔ چلر سیاست کرتے ہوئے نوجوانوں کے جذبات کو ٹھیس پہونچانے کا راہول گاندھی پر الزام عائد کیا ۔ اسمبلی حلقہ نظام آباد اربن میں پارٹی امیدوار کے روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ 10 سال کے دوران بی آر ایس حکومت نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود پر 12 ہزار کروڑ روپئے خرچ کیا ہے ۔ اترپردیش ، مہاراشٹرا ، کرناٹک اور مغربی بنگال میں تلنگانہ سے زیادہ اقلیتیں ہیں مگر وہاں کی حکومتوں نے تلنگانہ سے کم فنڈز جاری کیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے لا اینڈ آرڈر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جس کے نتیجہ میں 10 سال کے دوران کوئی فرقہ وارانہ فسادات نہیں ہوئے ۔ کے ٹی آر نے راہول گاندھی کو سیاسی بیروزگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مرتبہ حکومت تشکیل دینے کا موقع فراہم کرنے کی تلنگانہ کے عوام سے اپیل کررہے ہیں ایک نہیں 11 مرتبہ عوام نے کانگریس کو حکومت کرنے کا موقع فراہم کیا ہے ۔ مگر کانگریس پارٹی ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود میں پوری طرح ناکام ہوگئی ساتھ ہی ریاست کے اثاثہ جات میں اضافہ کرنے کے لیے بھی کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے ۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں تاحال 2,02,735 سرکاری جائیدادوں پر تقررات کے لیے اعلامیہ جاری کیا گیا اور 1,60,083 ملازمتیں فراہم کی گئی ۔ کانگریس کے 10 سالہ دور حکومت میں صرف 10,116 جائیدادوں پر تقررات کئے گئے ۔ بی آر ایس حکومت نے سالانہ اوسطاً 16,850 جائیدادوں پر تقررات کیے جب کہ کانگریس نے 1012 ملازمتیں فراہم کی ہے ۔۔ ن