بی آر ایس کا ریاست میں تنہا مقابلہ ، کامیابی کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کا ادعا

   

سنٹرل الیکشن کمیشن کا تلنگانہ سے امتیازی سلوک ، وزیر ٹی سرینواس یادو کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر سنیما ٹو گرافی ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ کانگریس سے اتحاد کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ سنٹرل الیکشن کمیشن پر تلنگانہ سے امتیازی سلوک کرنے کا الزام عائد کیا ۔ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کو لوک سبھا سکندرآباد اور اسمبلی حلقہ عنبر پیٹ کی ترقی پر مباحث کا چیلنج کیا ۔ آج تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی گھنٹہ میں ایک بات کرتے ہیں ان کے بیانات کو خود کانگریس کے قائدین ہی پسند نہیں کرتے اور نہ ہی بھروسہ کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بی جے پی کو ووٹ دینے کی اپیل کی تھی ۔ بی آر ایس کافی مضبوط اور طاقتور ہے ۔ اس کو کانگریس پارٹی سے اتحاد کرنے کی ہرگز کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ تنہا مقابلہ کرتے ہوئے بی آر ایس تیسری مرتبہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرے گی ۔ وزیر نے سنٹرل الیکشن کمیشن کے خلاف بھی سخت ریمارکس کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کے ساتھ جانبدارانہ سلوک کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور کہا کہ دونوں تلگو ریاستوں میں گریجویٹ اور ٹیچرس کوٹہ کونسل کے انتخابات کے لیے سنٹرل الیکشن کمیشن نے ایک ساتھ نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے ۔ تاہم چیف منسٹر آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی کو کڑپہ میں اسٹیل پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی سنٹرل الیکشن کمیشن نے اجازت دی ہے ۔ مگر چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کو نئے سکریٹریٹ کا افتتاح کرنے کی منظوری نہیں دی ہے ۔ ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ خوبصورت اور عالیشان سکریٹریٹ کی تعمیر سے اپوزیشن جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب کہ کڑپہ میں بھی ضابطہ اخلاق نافذ ہے ۔ 17 فروری کو نئے سکریٹریٹ کا افتتاح کرنے کا پہلے ہی اعلان کردیا گیا تھا اور تمام تیاریاں مکمل ہوگئی تھی ۔ وزیر نے کہا کہ بی آر ایس ریاست میں منعقد ہونے والے انتخابات میں تنہا مقابلہ کرے گی اور بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ تلنگانہ میں بی آر ایس کا کوئی متبادل نہیں ہے اور نہ ہی بی آر ایس کسی اور پارٹی پر انحصار کئے ہوئے ہیں ۔ وزیر نے کہا کہ 17 فروری کو گریٹر حیدرآباد کے ہر ڈیویژن میں چیف منسٹر کے سی آر کی سالگرہ تقریب منائی جائے گی ۔ تمام مذاہب و طبقات کے ماننے والے منادر ، مساجد ، گرجا گھروں میں دعائیہ اجتماع کا اہتمام کریں گے جس میں بی آر ایس کے ارکان اسمبلی شرکت کریں گے ۔۔ ن