بی آر ایس کووی آر ایس دینے کا وقت آگیا: ریونت ریڈی

   

بی جے پی ، بی آر ایس اور مجلس کی جگل بندی، کانگریس کے مسلم امیدواروں کو شکست دینے کی سازش
حیدرآباد۔/18 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس کو وی آر ایس دینے کا وقت آگیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کے پاپوں کا گھڑا بھر چکا ہے۔ اسمبلی میں مسلمانوں کی نمائندگی بڑھانے کانگریس نے محمد علی شبیر کو نظام آباد اربن منتقل کیا اور مجھے چیف منسٹر کو شکست دینے اسمبلی حلقہ کاماریڈی سے بھی امیدوار بنایا ہے۔ بھکنور میں روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کانگریس کے سینئر قائد محمد علی شبیر، سابق رکن اسمبلی یوسف علی کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ ریونت ریڈی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ کاماریڈی پہنچنے والے تھے تاہم ہیلی کاپٹر میں تکنیکی خرابی کے باعث وہ بذریعہ سڑک کاماریڈی پہنچے اور تین جلسوں و کارنر میٹنگس سے خطاب کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کاماریڈی میں کامیابی حاصل کرنے 200 کروڑ روپئے خرچ کررہے ہیں اس کے بعد 2000 کروڑ روپئے کی اراضیات چھین لینے کی سازش کرتے ہوئے کاماریڈی پہنچے۔ ایک ووٹ کو 10 ہزار روپئے میں خریدنے کی کوشش کررہے ہیں مگر وہ چیف منسٹر کو شکست دیتے ہوئے ان کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ یہ الیکشن ریاست کا مستقبل تبدیل کرنے والا ہے لہذا عوام چیف منسٹر کے سی آر کو شکست سے دوچار کریں۔ کسانوں کی اراضیات پر قبضہ کرنے کیلئے چیف منسٹر کاماریڈی پہنچے ہیں۔ کے سی آر کو ووٹ دینا سانپ کو دودھ پلاکر بڑا کرنے کے برابر ہے۔ کے سی آر کا خاندان پاگل کتوں کی طرح اسمبلی حلقہ کاماریڈی کے اطراف و اکناف گھوم رہا ہے۔ بیروزگار نوجوانوں سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردینے والے چیف منسٹر کو سبق سکھانے کا یہی صحیح وقت ہے۔ کانگریس کو اقتدار ملتے ہی 6 گیارنٹی پر عمل کیا جائے گا، کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کی جائیگی، غریب عوام کو اندراماں گھر منظور کئے جائیں گے ، 500 روپئے میں گیس سلینڈر سربراہ کیا جائیگا۔ تلنگانہ میں بی جے پی اور بی آر ایس کے درمیان خفیہ معاہدہ ہوا ہے اس میں مجلس بھی برابر کی حصہ دار ہے اس لئے منظم سازش کے تحت کانگریس کے مسلم امیدواروں کو ناکام بنانے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ محمد علی شبیر کے خلاف چیف منسٹر خود مقابلہ کررہے ہیں، جوبلی ہلز میں بی آر ایس اور بی جے پی کی بی ٹیم مجلس کے امیدوار کو اظہر الدین کے خلاف امیدوار بنایا گیا ہے۔ حیدرآباد لوک سبھا حلقہ میں گوشہ محل اسمبلی حلقہ ہونے اور مجلس کا ہیڈکوارٹر حلقہ میں ہونے کے باوجود مجلس نے بی جے پی کے امیدوار راجہ سنگھ کو شکست دینے کیلئے اپنے امیدوار کو انتخابی میدان میں نہیں اُتارا ہے۔ن