بی آر ایس کو ایک اور جھٹکہ، چیوڑلہ کے رکن اسمبلی کے یادیا کانگریس میں شامل

   

منحرف ارکان کی تعداد 6 ہوگئی، عنقریب مزید ارکان کی شمولیت کا امکان، کانگریس ارکان کی تعداد 71 تک پہونچ گئی
حیدرآباد 28 جون (سیاست نیوز) بی آر ایس ارکان اسمبلی کی کانگریس میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ چیوڑلہ اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس رکن اسمبلی کے یادیا نے آج نئی دہلی میں چیف منسٹر ریونت ریڈی اور تلنگانہ انچارج دیپا داس منشی کی موجودگی میں کانگریس کا کھنڈوا پہن لیا۔ بی آر ایس پارٹی کو ارکان اسمبلی کی جانب سے مسلسل یہ چھٹواں جھٹکہ ہے۔ کے یادیا کی کانگریس میں شمولیت کی اطلاعات اُس وقت سے گشت کررہی تھیں جب اُنھوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی تھی۔ یادیا نے آج نئی دہلی میں کانگریس میں شمولیت کا اعلان کیا۔ دیپاداس منشی اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اُنھیں پارٹی کا کھنڈوا پہنایا۔ اِس موقع پر سابق وزیر ڈاکٹر چندرشیکھر اور دیگر قائدین موجود تھے۔ بی آر ایس کے ابھی تک 6 ارکان اسمبلی کانگریس میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔ اِن میں پوچارم سرینواس ریڈی، ڈاکٹر سنجے کمار، ڈی ناگیندر، وینکٹ راؤ، کڈیم سری ہری شامل ہیں۔ قانون ساز اسمبلی میں بی آر ایس ارکان کی تعداد گھٹ کر 32 ہوچکی ہے۔ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس نے 39 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی لیکن کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس کو کامیابی ملی جس کے بعد بی آر ایس کے ارکان 38 ہوگئے۔ 6 ارکان کی کانگریس میں شمولیت کے بعد اسمبلی میں تعداد گھٹ کر 32 ہوچکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مزید 20 ارکان اسمبلی کانگریس میں شمولیت کیلئے تیار ہیں اور اِس سلسلہ میں اُن سے مذاکرات جاری ہیں۔ کانگریس ہائی کمان نے بی آر ایس ارکان کی شمولیت کو ہری جھنڈی دکھادی ہے۔ 6 ارکان کی شمولیت کے بعد اسمبلی میں کانگریس کی تعداد 71 ہوچکی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ایوان میں دو تہائی اکثریت کی کوشش کررہے ہیں جس کے لئے 80 ارکان درکار ہوں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ بی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کو کانگریس میں ضم کرنے کے لئے 26 ارکان کی ضرورت ہے۔ اگر بی آر ایس کے 26 ارکان کانگریس میں شمولیت اختیار کرتے ہیں تو اُنھیں علیحدہ گروپ کی شکل میں اسمبلی میں علیحدہ شناخت دی جائیگی۔ اِسی دوران گریٹر حیدرآباد کے 15 بی آر ایس ارکان اسمبلی کے کانگریس قیادت سے ربط میں ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اسمبلی کے بجٹ سیشن سے قبل بی آر ایس کے کئی ارکان اسمبلی اورکونسل کانگریس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ چیوڑلہ کے رکن اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ اُنھوں نے ریونت ریڈی حکومت کی اسکیمات سے متاثر ہوکر کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ 1