بی آر ایس کو ایک اور جھٹکہ، کیشوراؤ کانگریس میں شامل

,

   

ملکارجن کھرگے نے پارٹی میں خیرمقدم کیا، راہول گاندھی، چیف منسٹر ریونت ریڈی بھی موجود

حیدرآباد۔ 3 جولائی (سیاست نیوز) بی آر ایس پارٹی کو آج ایک اور سیاسی جھٹکہ لگا ہے۔ بی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا سینئر قائد ڈاکٹر کے کیشو راؤ آج دہلی پہنچ کر کانگریس میں شامل ہوگئے۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے کانگریس کا کھنڈوا پہناتے ہوئے انہیں پارٹی میں شامل کیا۔ اس موقع پر قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی، اے آئی سی سی جنرل سکریٹری وینو گوپال، تلنگانہ کانگریس امور کی انچارج دیپاداس منشی، چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے علاوہ کانگریس کے دوسرے قائدین موجود تھے۔ ریاست میں بی آر ایس کو شکست کے بعد تاحال 6 ارکان اسمبلی کانگریس میں شامل ہوگئے ہیں۔ آج بی آر ایس کے اہم قائد سابق چیف منسٹر کے سی آر کے قریبی ساتھ کی حیثیت سے شہرت رکھنے والے ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے بھی کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ قبل ازیں ان کی دختر میئر حیدرآباد جی وجئے لکشمی نے بھی حیدرآباد میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شامل ہوگئیں۔ ماضی میں کانگریس میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر کے کیشو راؤ صدر پردیش کانگریس کمیٹی، سی ڈبلیو سی رکن، ریاستی وزیر اے آئی سی سی ترجمان کے علاوہ کئی عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ تین ماہ قبل ہی انہوں نے کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔ فام ہاوز پہنچ کر بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر کو اپنے فیصلے سے واقف کراچکے تھے۔ تب یہ بھی اطلاعات گشت کررہی تھی کہ کے سی آر نے اس فیصلے پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا تھا اور ان کی جگہ سریش ریڈی کو راجیہ سبھا میں بی آر ایس کا فلور لیڈر نامزد کردیا۔ کانگریس میں شامل ہونے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیشو راؤ نے کہا کہ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے انہیں فون کرتے ہوئے کانگریس میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے جس کو قبول کرتے ہوئے وہ کانگریس میں شامل ہوگئے ہیں۔ گھر واپسی پر انہیں بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ 2