بی آر ایس کو خاموش جھٹکا ‘رکن پارلیمنٹ پیدا پلی وینکٹیش نیتا کانگریس میںشامل

   

دہلی میں کے سی وینو گوپال نے پارٹی میں خیر مقدم کیا ۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے سے بھی ملاقات
حیدرآباد۔6۔فروری(سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے خاموشی کے ساتھ بھارت راشٹرسمیتی کو بڑا جھٹکا دیتے ہوئے سب کو حیرت میں مبتلاء کردیا ہے ۔ اسمبلی انتخابات میں کامیابی کی بعد سب کی نظریں بی آر ایس ارکان اسمبلی پر تھیں لیکن بی آر ایس رکن پارلیمنٹ مسٹر وینکٹیش نیتا نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرکے سب کو چونکا دیا ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس کو اقتدار ملنے کے بعد کہا جا رہاتھا کہ حکومت کی جانب سے بی آر ایس ارکان اسمبلی کو پارٹی میں شامل کرنے اقدامات کئے جائیں گے لیکن آج صبح دہلی میں پارلیمنٹ بجٹ اجلاس کے دوران پداپلی لوک سبھا کے بی آر ایس رکن پارلیمنٹ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی ‘ ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک ‘ ملو روی‘ ومشی چندر ریڈی کے ہمراہ کانگریس جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال سے ملاقات کرکے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ رکن پارلیمنٹ پدا پلی کی کانگریس میں شمولیت کے ساتھ ہی بی آر ایس کو بڑا جھٹکا لگا کیونکہ کسی نے تصور نہیں کیا تھا کہ موجودہ رکن پارلیمنٹ کانگریس میں شامل ہونگے۔ کانگریس میں شمولیت کے بعد رکن پارلیمنٹ وینکٹیش نیتا نے چیف منسٹر تلنگانہ و دیگر قائدین کے ہمراہ صدر کل ہند کانگریس ملکارجن کھرگے سے ملاقات کرکے اپنے فیصلہ سے واقف کروایا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی رکن پارلیمنٹ وینکٹیش نیتا سے رابطہ میں تھے اور انہوں نے رکن پارلیمنٹ کو کانگریس میں شمولیت کیلئے آمادہ کیا۔ وینکٹیش نیتا کی کانگریس میں شمولیت کے ساتھ ہی بھارت راشٹرسمیتی میں ہلچل پیدا ہوگئی کیونکہ کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ موجودہ رکن پارلیمنٹ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ وینکٹیش نیتا کی کانگریس میں شمولیت کے ساتھ ہی بی آر ایس قائدین نے اپنے دیگر ارکان پارلیمان و اسمبلی پر نظر رکھنے کا سلسلہ شروع کردیا کیونکہ رکن پارلیمنٹ کی خاموشی سے کانگریس میں شمولیت کے بعد کوئی بھی یہ کہنے سے قاصر ہے کہ تلنگانہ میں برسراقتدار کانگریس سے بی آر ایس کے کتنے ارکان اسمبلی یا پارلیمان رابطہ میں ہیں۔ سابق ٹی ٹی ڈی رکن ایم جیون ریڈی نے بھی کانگریس میں شمولیت اختیارکی۔ 3