کانگریس کو ووٹ دینے مسلمانوں سے مسلم ریزرویشن فرنٹ کی اپیل
محبوب نگر ۔ 12 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلم ریزرویشن فرنٹ تلنگانہ و آندھرا پردیش نے موجودہ پارلیمانی انتخابات میں فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دینے کے لئے تمام مسلمانوں سے ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش میں 13 مئی کو ہونے والی رائے دہی میں اپنے ووٹوں کا مکمل استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔ موجودہ ملک کے حالات اور مرکز کی برسر اقتدار جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے مسلمانوں اور دیگر پسماندہ طبقات کے ریزرویشن کو ختم کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے۔ ایسے وقت میں مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ دستور کو بچانے کے لئے فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دینے کے لئے سو فیصد اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کریں۔ بی جے پی کو ملک میں جو جماعت شکست دے سکتی ہے وہ صرف کانگریس ہی ہے۔ یہ بات محمد افتخار الدین احمد ایڈوکیٹ ریاستی صدر، محمد ریاض پاشاہ ایڈوکیٹ جنرل سکریٹری اور محمد محمود ریاستی سکریٹری، ظفر اللہ حیدر قائدین ریاستی مسلم ریزرویشن فرنٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا۔ تلنگانہ میں بی آر ایس پارٹی کا موقف کافی کمزور ہے اور انتخابات کے بعد کے سی آر کسی سے کبھی مفاہمت کرسکتے ہیں۔ بی آر ایس پارٹی کو ووٹ دینا بی جے پی کو ووٹ دینے کے برابر ہے۔ لہذا تلنگانہ کی سیکولر عوام بالخصوص مسلمانوں سے دردمندانہ اپیل کی جاتی ہے کہ حیدرآباد کے لئے پارلیمنٹ میں ملک کے مظلوموں کی آواز مجلسی امیدوار بیرسٹر اسد الدین اویسی اور دیگر تمام حلقوں کے لئے کانگریس پارٹی کے حق میں ووٹ دے کر ملک کے دستور اور جمہوریت کو مضبوط کریں۔ ریاست آندھرا پردیش کے مسلمانوں سے اپیل ہیکہ وہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔