سنگاریڈی 8 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شیخ رشید ممبر آر ٹی اے ضلع سنگاریڈی و ریاستی قائد بی آر ایس پارٹی نے کہا کہ حلقہ پارلیمنٹ میدک بی آر ایس امیدوار وینکٹ رام ریڈی موظف آئی اے ایس عہدیدار ہیں ۔ وہ اڈیشنل کلکٹر متحدہ ضلع میدک اور کلکٹر ضلع سدی پیٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ بی آر ایس امیدوار وینکٹ رام ریڈی نے اپنی کامیابی پر اعلان کیا ہے کہ حلقہ پارلیمنٹ میدک کے ہونہار اور غریب طلباء کی تعلیم میں مدد کرنے کی غرض سے 100 کروڑ روپیہ سے ٹرسٹ بنانے اور طلباء و طالبات کی فیس وغیرہ کے لیے مالی امداد دی جائگی۔ ہر اسمبلی حلقہ میں سرکاری نوکریوں کے امتحانات کی تیاری کے لیے کارپوریٹ طرز کا مفت کوچنگ سنٹر اور اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر قائم کرینگے۔ ہر اسمبلی حلقہ میں دو کروڑ روپیہ کے صرفہ سے فنکشن ہال تعمیر کرینگے اور غریب عوام کو صرف ایک روپیہ کرایہ پر دیں گے۔ انھوں نے وینکٹ رام ریڈی کو کار کے نشان پر ووٹ دینے کی اپیل کی۔
