سابق چیف منسٹر کے سی آر کو پولیس ہراسانی کیخلاف نرمل میںاحتجاج ، انیل یادو کا خطاب
نرمل ۔یکم فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ کے سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو پولیس کی جانب سے ہراساں کرنے کے خلاف آج بلدی انتخابات کے انچارج انیل یادو رکن اسمبلی بوتھ کی قیادت میں بی آر ایس کی جانب سے زبردست ریالی نکالی گئی۔ اس موقع پر بوتھ رکن اسمبلی انیل یادو نے کہا کہ اقتدار کسی سیاسی جماعتوں کا مستقل نہیں ہوتا۔ جمہوریت میں انتقامی سیاست کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت طاقت کے بل بوتے پر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کی حق کی آواز کو دبانے کی کوشش کررہی ہے تاہم ساری ریاست کے عوام بی آر ایس کی اقتدار پر واپسی کیلئے بے چین ہیں۔ ہم سیاسی انتقام سے ڈرنے اور گھبرانے والے نہیں ہیں۔ جمہوریت میں احتجاج کا حق ہر سیاسی جماعت کو ہے۔ انہوں نے واضح انداز میں کہا کہ بہت جل عوام بلدی انتخابات کے ذریعہ بی آر ایس کو ساری ریاست میں کامیاب بنائیں گے اور حکومت کو بتادیں گے کہ غیرجمہوری طرز کی حکمرانی کو کبھی برداشت نہیں کرسکتے۔ اس ریالی میں انیل یادو کے علاوہ سینئر بی آر ایس قائد رام کرشن ریڈی، سابق معاون رکن بلدیہ محمد سلمان خان، سابق رکن بلدیہ اے راجندر کے علاوہ حرکیاتی نوجوان قائد شائنر بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ بلدی انتخابات کے اعلامیہ کی تاریخ کے اعلان سے قبل بھی بی آر ایس کی سرگرمیاں تیز نہیں دیکھی گئی تاہم دو دن میں کئی کانگریس قائدین کی کانگریس سے بی آر ایس میں شمولیت کے بعد پارٹی قائدین اور کارکنوں میں بہت زیادہ جوش و خروش دیکھنے میں آرہا ہے۔ اچانک بی آر ایس کی سیاسی طاقت میں اضافہ سے یہ یقین ہورہا ہے کہ بلدی انتخابات میں بی آر ایس طاقتور جماعت کی شکل میں اُبھر کر آئے گی۔