ہمیں 54 ارکان اسمبلی کی تائید حاصل ہے ، کڈیم سری ہری کا سنسنی خیز ریمارکس
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے سینئیر قائد رکن اسمبلی کڈیم سری ہری نے سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس کی دوبارہ حکومت قائم ہونا کوئی مشکل کام نہیں ہے ۔ بی آر ایس کے اقتدار سے محروم ہونے کے بعد کانگریس حکومت کی تشکیل سے قبل اسمبلی حلقہ اسٹیشن گھن پور کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس کے رکن اسمبلی کڈیم سری ہری نے کہا کہ کانگریس کے ارکان اسمبلی میں غیر یقینی صورتحال ہے اور کئی قائدین وزارتوں اور عہدوں کی تقسیم کو لے کر ناراض ہیں ۔ ریاست میں دوبارہ بی آر ایس کی حکومت تشکیل پانا مشکل نہیں ہے ۔ جنگاؤں کے مقامی بی آر ایس آفس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کڈیم سری ہری نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر شیر کی طرح باہر آئیں گے ۔ کسی بھی وقت یہ ممکن ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شیر اس وقت ہی دو قدم پیچھے ہٹتا ہے جب اس کو شکار کرنا ہوتا ہے ۔ کے سی آر کی خاموشی کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ ان کے اگلے قدم کو ہلکے میں لینا بھی مہنگا پڑ سکتا ہے۔ یقینا ریاست میں کانگریس پارٹی کو حکومت تشکیل دینے کے لیے اکثریت حاصل ہوئی ہے ۔ تاہم کانگریس کے ارکان اسمبلی میں غیر یقینی صورتحال ہے ۔ انتخابات میں بی آر ایس کے 39 ارکان اسمبلی کامیاب ہوئے ہیں ۔ ہماری فرینڈلی جماعت مجلس کے 7 ارکان اسمبلی ہیں ۔ کانگریس کی مخالفت کرنے والی بی جے پی کے بھی 8 ارکان اسمبلی ہیں ۔ تینوں پارٹیوں کے ارکان کی تعداد کو شمار کرلیا جائے تو جملہ ارکان اسمبلی کی تعداد 54 تک پہونچ جائے گی ۔ اس کے علاوہ کانگریس کے کئی ناراض ارکان اسمبلی بھی ہمارا ساتھ دینے تیار ہے ۔ بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر ٹھان لیں تو کچھ بھی ہوسکتا ہے ۔۔ ن