کانگریس لوک سبھا انتخابات میں عوام سے ووٹ مانگنے سے قبل 6 گیارنٹی پر عمل کریں
حیدرآباد : /2 جنور ی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی و سابق وزیر ہریش راؤ نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کی شکست صرف ’’اسپیڈ بریکر‘‘ ہے ۔ پارٹی کیڈر کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس اور بی جے پی کو سبق سکھانے کی تیاریاں شروع کردینے کا مشورہ دیا ۔ اسمبلی حلقہ دوباک میں منعقدہ پارٹی کارکنوں کے اظہار تشکر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس تحریکی جماعت ہے ۔ شکست اور کامیابی پارٹی کیلئے کوئی نئی بات نہیں ہے۔ بی آر ایس کا تلنگانہ سے خلوص و جذباتی رشتہ ہے جبکہ کانگریس اور بی جے پی کا سیاسی مفادات سے متعلق رشتہ ہے ۔ بی آر ایس کے بغیر تلنگانہ کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ۔ کانگریس پارٹی کے قائدین تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے کیلئے ایک یا دو نہیں بلکہ 412 وعدے کئے ہیں ۔ عوام کو برقی بلز ادا نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی 200 یونٹ تک مفت برقی سربراہ کرنے کا وعدہ کیا گیا ۔ مگر پہلے مہینے میں ہی وعدے پر عمل نہیں کیا گیا بلکہ عوام سے برقی بلز وصول کئے جارہے ہیں ۔ کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی 15000 روپئے ریتو بندھو اسکیم سے دینے کا وعدہ کیا گیا مگر نہیں دیا گیا ۔ 4 ہزار روپئے پنشن دینے کا وعدہ کیا گیا وصول ہوئے کیا عوام سے استفسار کیا ۔ کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی /9 ڈسمبر کو کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا گیا اس پر بھی کوئی عمل آوری نہیں ہوئی ہے ۔ کانگریس نے 6 گیارنٹی پر عمل کرنے کا وعدہ کیا ۔ ان وعدوں کے تعلق سے سوال کرنے پر بی آر ایس پارٹی پر عجلت اور جلد بازی کرنے کا الزام عائد کیا جارہا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے جو وعدے کئے ہیں وہی ہم حکومت سے سوال کررہے ہیں ۔ سابق وزیر نے کہا کہ بی آر ایس کا تلنگانہ کے عوام سے اٹوٹ رشتہ ہے ۔ شکست سے پارٹی کیڈر کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ پارٹی کے قائدین اور کارکن ہمیشہ عوام کے درمیان رہے ۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس پارٹی اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ عوام کانگریس کے جھوٹے وعدوں سے گمراہ ہوگئے مگر بی آر ایس کے اقتدار سے محروم ہوجانے پر افسردہ بھی ہوچکے ہیں ۔ دونوں قومی جماعتوں کو ریاست تلنگانہ کے مفادات سے زیادہ اپنے سیاسی مفادات اہم ہیں ۔ کانگریس پارٹی لوک سبھا انتخابات میں دوبارہ عوام سے ووٹ مانگنے سے قبل پہلے اپنے 6 گیارنٹی پر عمل کریں ورنہ انہیں عوام سے دوبارہ ووٹ مانگنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے ۔ 2