اتحادی سی پی آئی کا جنگی جذبہ قابل ستائش، تلنگانہ میں کانگریس کی الٹی گنتی شروع
حیدرآباد ۔ 4 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے دو میونسپلٹیز پر بی آر ایس کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوامی حمایت کا واضح ثبوت قرار دیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ حکمران کانگریس پارٹی کی جانب سے مبینہ دباؤ، لالچ اور غیرجمہوری ہتھکنڈے استعمال کرنے کے باوجود بی آر ایس نے ضلع منچریال کی کیتن پلی اور ضلع رنگاریڈی کی ابراہیم پٹنم میونسپلٹیز پر کامیابی حاصل کی ہے۔ کے ٹی آر نے ان کامیابیوں پر نومنتخب میونسپل صدرنشین اور نائب صدرنشین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ضلع منچریال بی آر ایس کے صدر بلکاسمن اور ضلع رنگاریڈی بی آر ایس کے صدر منچی ریڈی کشن ریڈی کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پارٹی نے یہ اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ان میونسپلٹیز پر کامیابی حاصل کرنے والے بی آر ایس کونسلرس نے کانگریس کے مبینہ دباؤ اور لالچ کو فراموش کرتے ہوئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے جو قابل تعریف ہے۔ انہوں نے خاص طور پر سی پی آئی کے اتحادی کارکنوں کے ’’جنگی جذبے‘‘ کی ستائش کی اور کہا کہ ان کے تعاون سے یہ کامیابی ممکن ہوئی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ان نتائج نے واضح کردیا ہیکہ تلنگانہ میں جبر، دھمکی، بدعنوانی اور غیرجمہوری اقدامات کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام اب کانگریس حکومت سے مایوس ہوچکے ہیں اور ریاست میں کانگریس کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے۔ پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہاکہ گلابی جھنڈے کے سپاہی مضبوطی سے ڈٹے رہے اور اسی جذبہ کے ساتھ ہم مستقبل میں آگے بڑھیں گے۔ بی آر ایس آئندہ بھی عوامی میدان میں کانگریس کا مقابلہ کرتے رہے گی اور ان کامیابیوں کے تسلسل کو برقرار رکھے گی۔2Y M