ایوان میں کالیشورم پراجکٹ پر پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ارکان اسمبلی نے اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار سے ملاقات کرتے ہوئے اسمبلی اجلاس کے دوران بی آر ایس پارٹی کو کالیشورم پراجکٹ کے تعلق سے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی ۔ بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کے پی ویویکانند ، ڈی سدھیر ریڈی ، سابق ایم ایل سی سبھاش ریڈی ، بی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کے سکریٹری ایم رمیش کمار ریڈی اس موقع پر موجود تھے ۔ بعد ازاں میڈیا پوائنٹ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ارکان اسمبلی نے کہا کہ بی آر ایس ریاست کی اصل اپوزیشن پارٹی ہے ۔ ریاست کے مفادات کے تعلق سے اہم معلومات کو عوام کے سامنے پیش کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ کالیشورم تلنگانہ کا اہم پراجکٹ ہے ۔ اس پراجکٹ کے تعلق سے عوام کو حقائق بتانا ہماری ذمہ داری ہے ۔ یہ پراجکٹ دنیا کا سب سے بڑا لفٹ اریگیشن پراجکٹ ہے ۔ جس کے تعلق سے عوام میں شکوک و شبہات پیدا کئے جارہے ہیں ۔ بی آر ایس پارٹی اسمبلی میں وضاحت کرتے ہوئے عوام میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ اس لیے اسپیکر اسمبلی سے ملاقات کرتے ہوئے ایوان میں پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کرنے کے لیے وقت دینے کی تحریری طور پر نمائندگی کی گئی ہے ۔ یہ پراجکٹ تلنگانہ کے لیے کتنا سود مند ثابت ہوگا ۔ اس کی تعمیراتی ، تکنیکی امور اور فائدے کے تعلق سے روشنی ڈالنا ضروری ہے ۔ ریاست کے عوام کے ساتھ ارکان اسمبلی کو بھی اس کی معلومات فراہم کرنے کے لیے اسپیکر اسمبلی سے وقت طلب کیا گیا ہے ۔ بی آر ایس پارٹی تمام اعداد و شمار عوام کے سامنے پیش کرے گی ۔ جمہوریت میں اپوزیشن کا بھی اہم رول ہوتا ہے اور اس کو اہمیت دینا اسپیکر اسمبلی کی بھی ذمہ داری ہے ۔۔ 2