پارٹی تبدیل کرنے والے ارکان اسمبلی و کونسل کے خلاف یادداشت پیش
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر کی قیادت میں بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کا ایک وفد راج بھون پہونچکر گورنر سی پی رادھا کرشنن سے ملاقات کی ۔ سیاسی وفادیاریاں تبدیل کرتے ہوئے کانگریس میں شامل ہونے والے بی آر ایس کے 10 ارکان اسمبلی اور 8 ارکان قانون ساز کونسل کے خلاف کارروائی کرنے کی یادداشت پیش کی اور بہت جلد صدر جمہوریہ سے بھی ملاقات کرنے کا اعلان کیا ۔ گورنر نے اس یادداشت پر ہمدردانہ غور کرنے کا تیقن دیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے قومی منشور میں ایک پارٹی سے کامیاب ہو کر دوسری پارٹی میں شامل ہونے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا وعدہ کیا گیا جس کو راہول گاندھی نے بھی کئی مرتبہ دہرایا ہے ۔ جس سے بھی گورنر کو واقف کرایا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ بیروزگار نوجوانوں کے مسائل پر بھی بی آر ایس کی جانب سے گورنر کو واقف کرایا گیا ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اسمبلی کے انتخابات میں بی آر ایس کے ٹکٹ پر اسمبلی حلقہ خیریت آباد سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر نے حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا ہے ۔ اس کا بھی گورنر کو حوالہ دیا گیا ہے ۔ ریاست میں جن اسمبلی حلقوں پر بی آر ایس کے ارکان اسمبلی منتخب ہوئے ہیں اور جہاں بی آر ایس کے ارکان قانون ساز کونسل ہیں وہاں پر پروٹوکول کی کھلی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ جس سے بھی گورنر کو واقف کرایا گیا ہے ۔۔ 2