بی کرشنا موہن ریڈی 6 جولائی کو چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد کانگریس میں شامل ہوئے تھے
حیدرآباد 30 جولائی ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس رکن اسمبلی بی کرشنا موہن ریڈی کانگریس میں شمولیت کے بعد 25 دن میں دوبارہ بی آر ایس میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔ اس طرح کانگریس میں شامل بی آر ایس ارکان اسمبلی کی تعداد 10 سے گھٹ کر 9 ہوگئی ہے ۔ واضح رہے کہ حلقہ گدوال کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس رکن اسمبلی بی کرشنا موہن ریڈی نے محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے وزیر اکسائز جوپلی کرشنا راؤ اور کانگریس رکن پارلیمنٹ ملو روی کے ساتھ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرکے کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ کانگریس حکومت کی ترقیاتی کاموں سے متاثر ہو کر اور اپنے اسمبلی حلقہ گدوال کی ترقی کیلئے وہ حکمران کانگریس میں شامل ہورہے ہیں مگر 25 دن میں کیا ہوا پتہ نہیں وہ دوبارہ بی آر ایس میں واپسی کا فیصلہ کرکے چیف منسٹر اور ریاستی وزیر جے کرشنا راؤ کو جھٹکا دیا ہے ۔ جب احاطہ اسمبلی میں کسانوں کے قرض معافی کا پروگرام منعقد ہورہا تھا اس وقت بی کرشنا موہن ریڈی کے ٹی آر سے ملاقات کرکے اپنے فیصلے سے واقف کرایا اور بتایا کہ وہ جلد پارٹی سربراہ و قائد اپوزیشن کے سی آر سے بھی ملاقات کریں گے ۔ کئی دنوں سے یہ افواہیں گشت کررہی تھی کے کئی بی آر ایس ارکان اسمبلی کانگریس میں شامل ہوں گے ۔ جس سے بی آر ایس حلقوں میں مایوسی چھائی ہوئی تھی تاہم گدوال رکن اسمبلی کی گھر واپسی سے بی آر ایس حلقوں میں مسرت کی لہر دیکھی جارہی ہے۔ بی آر ایس نے بی کرشنا موہن ریڈی کی کے ٹی آر سے ملاقات کی تصویر سوشیل میڈیا میں جاری کی ہے جو وائرل ہورہی ہے ۔۔ 2