کے سی آر پر تحقیقات میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام، ڈرگس کے فروغ میں سابق بی آر ایس حکومت کا اہم رول
حیدرآباد۔/29 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو نے بی آر ایس کے تمام ارکان اسمبلی کے ڈرگ ٹسٹ کا مطالبہ کیا ہے۔ گاندھی بھون میں نائب صدرنشین تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی فہیم قریشی کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انیل کمار یادو نے کہا کہ جب کبھی ڈرگس کا کوئی معاملہ منظر عام پر آتا ہے بی آر ایس کے ارکان اسمبلی اچانک نمودار ہوکر بچاؤ کرنے لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگس کے معاملات میں ملزمین کی پشت پناہی کرنا انتہائی شرمناک ہے۔ انیل کمار یادو نے کہا کہ اگر بی آر ایس ارکان اسمبلی کو ذرا بھی شرم ہو تو وہ خود اپنا ڈرگ ٹسٹ کروائیں تاکہ عوام میں بے قصور ثابت ہوں۔ کانگریس رکن راجیہ سبھا نے جنواڑہ میں کے ٹی آر کے برادر نسبتی راج پاکالہ کے فارم ہاوز پر پولیس کارروائی کو حق بجانب قرار دیا اور کہا کہ پارٹی کا اہتمام کرنے والے راج پاکالہ اور ڈرگس ٹسٹ میں مثبت پائے جانے والے وجئے مدوری کو کے ٹی آر کی تائید افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کیلئے وجئے مدوری بے نامی کی طرح کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے ڈرگس کے معاملات کو دبانے کی کوشش کی تھی جبکہ ریونت ریڈی حکومت تلنگانہ کو منشیات سے پاک ریاست بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنواڑہ کے فارم ہاوز کا تذکرہ آتے ہی بی آر ایس قائدین تنازعہ کھڑا کرتے ہیں۔ پولیس کے دھاوے پر کہا گیا کہ یہ دراصل دیپاولی کی پارٹی تھی بعد میں اسے نئے گھر کی پارٹی قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے ڈرگس کو اسکولی طلباء تک عام کرنے کا کام کیا ہے۔ انیل کمار یادو نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت ڈرگس کے خلاف سخت اقدامات کررہی ہے تاکہ نوجوان نسل کو تباہی سے بچایا جائے۔ گذشتہ دس برسوں میں کے سی آر خاندان نے اپنے اثاثہ جات میں اضافہ پر توجہ مرکوز کی اور عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس تحقیقات کے دوران وجئے مدوری نے ڈرگس کے استعمال کا اعتراف کیا ہے اور انہیں راج پاکالہ نے یہ سربراہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیف منسٹر کے سی آر فارم ہاوز میں بیٹھ کر ڈائرکٹر جنرل پولیس کو فون کرتے ہوئے تحقیقات میں مداخلت کررہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کے سی آر کو ڈرگس کے اس معاملہ سے کیوں دلچسپی ہے۔1