بی آر ایس کے دس سال پر کانگریس کا ایک سال بھاری

   

سرکاری جائیدادوں پر تقریباً 60 ہزار تقررات مثالی کارنامہ، ایم ایل سی ڈاکٹر بی وینکٹ نرسنگ راؤ کی نمائندہ ’سیاست‘ کلیم الرحمان سے بات چیت
سدی پیٹ۔/4 جنوری، ( کلیم الرحمن کی رپورٹ ) مسٹر ریونت ریڈی کی زیر قیادت کانگریس حکومت نے ایک سال کے دوران عوام کی بہبود کیلئے کئی ایسے کارنامے انجام دیئے ہیں جو بی آر ایس اپنے دس برسوں کے اقتدار میں انجام دینے سے قاصر رہی۔ ریونت ریڈی حکومت کا سب سے بڑا کارنامہ جس کی سارے ملک میں مثال نہیں ملتی وہ یہ ہے کہ کانگریس حکومت نے ایک سال میں 55,743 مخلوعہ سرکاری جائیدادوں پر بھرتیاں کی۔ ان خیالات کا اظہار کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر پالموری وینکٹ نرسنگ راؤ نے سدی پیٹ میں توقف کے دوران کلیم الرحمن نمائندہ روز نامہ ’سیاست‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ریونت ریڈی کی زیر قیادت کانگریس حکومت کے کارناموں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے 30 ہزار اساتذہ کو ترقی دی ایسا تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ 11 ہزار اساتذہ کو جاب لیٹرس دیئے گئے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے ریاست کو قرضوں میں غرق کردیا، کانگریس نے جب ریاست تلنگانہ میں اقتدار سنبھالا تب تلنگانہ پر 7 لاکھ کروڑ سے زائد کے قرض کا بوجھ تھا۔ریاست کی کانگریس حکومت ماہانہ 6.500 کروڑ روپئے سود ادا کررہی ہے اس قدر زیادہ خرچ کے باوجود ریونت ریڈی حکومت نے اپنے وعدہ کے مطابق 25 لاکھ کسانوں کے 21 ہزار کروڑ روپئے قرض معاف کئے۔ ایم ایل سی مسٹر نرسنگ راؤ نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ اقلیتوں کے لئے ریاستی حکومت نے 3003 کروڑ روپئے کا بجٹ مختص کیا ہے جبکہ بی آر ایس حکومت نے اقلیتی بہبود کیلئے2200 کروڑ روپئے مختص کئے تھے اور اسی طرح مودی حکومت نے ہندوستان بھر کے لئے اقلیتوں کے لئے صرف 4700 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں اس سے کانگریس اور ریونت ریڈی کی اقلیت دوستی کا اندازہ ہوتا ہے۔ سرکاری ملازمین، اساتذہ ، ورکروں اور وظیفہ یابوں کو واجب الادا 5 مہنگائی بھتوں سے ایک مہنگائی بھتہ دیوالی کے تحفہ کے طور پر جاری کیا جس سے سرکاری خزانہ پر 3 ہزار کروڑ روپئے کا بوجھ عائد ہوا ۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 3500 اندراماں ہاؤزنگ یونٹ کی منظوری بھی دی۔ ذات پات پر مبنی سروے بھی کروایا ۔ ڈاکٹر پالموری نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کانگریس نے اپنے انتخابی منشور میں 6 وعدے کئے اس میں سے 2 پر 7 ڈسمبر 2023 کو حکومت کے حلف لینے کے ساتھ ہی خواتین کو مفت بس سفر کی سہولت فراہم کی اور آروگیہ شری اسکیم کی رقم بڑھا کر 10 لاکھ روپئے کردیا۔ ساتھ ہی غریب خاندانوں کو ایل پی جی گیس فی سلینڈر 500 روپئے میں فراہم کرنا شروع کیا۔ اسی طرح 200 یونٹ سے کم برقی استعمال کرنے والے مستحق صارفین کو زیرو برقی بل دیا گیا۔ چیف منسٹر نے ریاست کے تمام 119 اسمبلی حلقوں میں مربوط اقامتی اسکولس قائم کرنے کا نہ صرف اعلان کیا بلکہ سنگ بنیاد بھی رکھا۔ ریاست میں سڑکوں کی درستگی اور تعمیر کے معاملے میں 17 ہزار کلو میٹر سڑکوں کو بہتر بنانے اور بچھانے کے لئے 28 ہزار کروڑ روپئے کا تخمینہ لگایا گیا۔ امید ظاہر کی کہ 4 سال میں یہ پراجکٹ پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ اپنے انٹرویو میں ڈاکٹر نرسنگ راؤ ایم ایل سی نے مزید کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اسکل یونیورسٹی، اسپورٹس یونیورسٹی اور فورتھ یونیورسٹی قائم کرنے کیلئے اقدامات کرچکے ہیں ۔ انہوں نے بطور خاص ترقی کی کئی مثالیں پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی حیدرآباد میٹرو ٹرین پراجکٹ کو میڑچل تک توسیع دینے کا اعلان کرچکے ہیں اور امید کی کہ مستقبل میں میٹرو ٹرین کئی مضافاتی علاقوں میں بھی دوڑے گی۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر سماجی انصاف کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے بلا لحاظ مذہب و ملت، ذات پات سب کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں۔