بی آر ایس کے دور میں تلنگانہ کی تیز رفتار ترقی، کانگریس حکومت میں حیڈرا کے خوف سے رئیل اسٹیٹ ٹھپ

   

ریاست کی ترقی کیلئے کانگریس کو شکست دینے پر زور، ٹی ہریش راؤ کا جوبلی ہلز کے علاقہ موتی نگر میں خطاب

حیدرآباد۔9۔نومبر۔(سیاست نیوز) تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد کے سی آر کے 10 سالہ دور اقتدار میں تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن تھا لیکن گذشتہ 23ماہ کے دوران شہر حیدرآباد ہی نہیں بلکہ تلنگانہ کی ترقی میں بھی رکاوٹ پیدا ہوچکی ہے ۔ سابق ریاستی وزیر مسٹر ٹی ہریش راؤ نے جوبلی ہلز انتخابات کی انتخابی مہم کے آخری دن موتی نگر میں موجود اپارٹمنٹس کے مکینوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ کو دور کرنے کے لئے یہ ضروری ہے کہ برسراقتدار جماعت کے امیدوار کی شکست کو یقینی بنایا جائے۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے جوبلی ہلز کے رائے دہندوں سے کی جانے والی بات چیت کے دوران کہا کہ شہر حیدرآباد کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے کہ بی آ رایس کے امیدوار کو کامیاب بناتے ہوئے شہر حیدرآباد کی ترقی کے سلسلہ میں جاری رکھا جائے ۔ انہو ںنے بتایا کہ کانگریس نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد شہر حیدرآباد میں ’حیڈرا‘ کے نام سے جن کاروائیوں کا آغاز کیا ہے اس کے نتیجہ میں شہر حیدرآباد کے علاوہ نواحی و مضافاتی علاقوں میں رئیل اسٹیٹ تباہ ہوچکا ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ رئیل اسٹیٹ شعبہ جس انداز میں زوال پذیری کا شکار ہورہا ہے اسے بہتر بنانے کے لئے حکومت کو جھٹکا دینا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کی ترقی کے لئے بی آر ایس کے دور اقتدار میں 43 فلائی اوور برجس کی تعمیر عمل میں لائی گئی اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیاگیا ۔ علاوہ ازیں بی آر ایس نے شہر حیدرآباد میں آئی ٹی صنعت کے فروغ کے لئے بہترین انفراسٹرکچر کی تعمیر کے ذریعہ آئی ٹی شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کئے جس کے سبب لاکھوں کی تعداد میں نوجوان اس شعبہ میں ملازمت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ کالونیوں کے مکینوں سے خطاب کے دوران کہا کہ ’حیڈرا‘ کے نام پر کی جانے والی کاروائیوں نے سرمایہ کاروں میں خوف پیدا کردیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے سیاسی حلیفوں کے پراجکٹس کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے معصوم غریب عوام کے مکانات کو نشانہ بنایا جانے لگا ہے جو کہ افسوسناک ہے۔3