بی آر ایس کے دو ارکان اسمبلی کی چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات

   

سیاسی حلقوں میں ہلچل، تلگو دیشم میں شمولیت کی تردید
حیدرآباد ۔ 8۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں تلگو دیشم کے احیاء سے متعلق چندرا بابو نائیڈو کی مساعی کے دوران بی آر ایس کے دو ارکان اسمبلی نے صدر تلگو دیشم سے ملاقات کرتے ہوئے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا کردی ہے ۔ بی آر ایس ارکان اسمبلی پرکاش گوڑ اور آر کے گاندھی کے علاوہ سابق رکن اسمبلی بھاسکر راؤ نے کل چندرا بابو نائیڈو کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی۔ ملاقات کو خیر سگالی قرار دیا گیا لیکن سیاسی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ دونوں ارکان اسمبلی سابق میں تلگو دیشم سے وابستہ رہے اور آندھراپردیش کے چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالنے پر چندرا بابو نائیڈو کو مبارکباد دینے کیلئے پہنچے تھے۔ ارکان اسمبلی نے انحراف کی اطلاعات کو مسترد کردیا اور کہا کہ یہ خیر سگالی ملاقات تھی کیونکہ وہ کئی برسوں تک چندرا بابو نائیڈو کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں ریاستوں کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 1