تاحال 9 ارکان اسمبلی کی شمولیت، اسمبلی بجٹ سیشن سے قبل مزید ارکان کی شمولیت ممکن
حیدرآباد ۔ 13 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اقتدار سے محروم ہونے والی بی آر ایس کو اس کے ارکان اسمبلی پارٹی وفاداریاں تبدیل کرتے ہوئے بی آر ایس قیادت کو جھٹکے دے رہے ہیں۔ اسمبلی حلقہ شیرلنگم پلی کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس رکن اسمبلی اے گاندھی آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرکے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ بتایا جارہا ہیکہ بی آر ایس کے مزید 6 ارکان اسمبلی اور 6 ارکان کونسل کانگریس سے رابطہ میں ہیں اور اسمبلی بجٹ سیشن کے آغاز 24 جولائی سے قبل وہ بھی کانگریس میں شامل ہوجائیں گے۔ بی آر ایس رکن اسمبلی اے گاندھی آج صبح چیف منسٹر کی قیامگاہ جوبلی ہلز پہنچ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ ان کے ہمراہ بی آر ایس کے 4 کارپوریٹرس اور دیگر قائدین بھی کانگریس میں شامل ہوگئے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے انہیں کانگریس کا کھنڈوا پہناکر پارٹی میں خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر سابق وزیر مہیندر ریڈی اور خیریت آباد کانگریس کمیٹی کے صدر روہن ریڈی و دیگر قائدین موجود تھے۔ اس طرح کانگریس میں شامل بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کی تعداد 9 تک پہنچ گئی ہے۔ بی آر ایس کے مزید کئی ارکان اسمبلی کانگریس میں شامل ہونے تیار ہیں۔ چیف منسٹر اور کانگریس کے دوسرے قائدین سے رابطے میں ہے۔ تاہم حلقہ جگتیال کے رکن اسمبلی کی کانگریس میں شمولیت کے بعد کانگریس کے سینئر قائد ٹی جیون ریڈی نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور مسئلہ ہائی کمان تک پہنچ گیا۔ ہائی کمان نے بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کو کانگریس میں شامل کرنے سے قبل متعلقہ حلقوں کے کانگریس کے قائدین کو اعتماد میں لینے کا چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مشورہ دیا ہے جس کی وجہ سے بی آر ایس کے تمام ارکان اسمبلی کو ایک ساتھ کانگریس میں شامل کرنے کی بجائے مقامی کانگریس قائدین کو اعتماد میں لے کر بی آر ایس کے ایک۔ ایک رکن کو کانگریس میں شامل کیا جارہا ہے۔2