ہولی تہوار اور بیٹے کی سالگرہ پر مجھے گھر سے دور رکھا گیا جذباتی ردعمل کا اظہار کیا
حیدرآباد۔ 4 مارچ (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی بلکاسمن کو عادل آباد جیل سے ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ منچریال ضلع کی کیتن پلی میونسپلٹی میں چیرپرسن اور وائس چیرپرسن کے انتخابات کے دوران درج مقدمہ میں ضلع سیشن کورٹ کی جانب سے ضمانت منظور ہونے کے بعد آج وہ جیل سے رہا ہوئے جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلکاسمن نے الزام لگایا کہ جب وہ کیتن پلی میونسپل آفس چیرپرسن اور وائس چیرپرسن کے انتخابات کے لئے جارہے تھے تو پولیس نے انہیں راستے میں روک لیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر جی ویویک کے قافلے کو اجازت دی گئی جبکہ ان پر لاٹھی چارج کیا گیا۔ ان پر حملہ کرنے کے باوجود الٹا ان ہی کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ بلکاسمن نے بتایا کہ اس واقعہ میں 22 افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس پارٹی جس نے کیتن پلی میونسپلٹی میں صرف 7 نشستیں حاصل کی ہیں اسے زبردستی اقتدار دلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے ریاستی وزیر جی ویویک پر عوام فیصلے کا احترام نہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ بلکاسمن نے کہا کہ ضلع کلکٹر سے ڈی ایس پی تک تمام عہدیدار حکمران جماعت کے مفاد میں کام کررہے ہیں اور سرکاری ملازمین کے بجائے وشاکھا انڈسٹریز کے ملازمین کی طرح برتاو کررہے ہیں۔ سابق رکن اسمبلی نے کہا کہ کیتن پلی میونسپلٹی میں بہت بڑی سازش کی جارہی ہے اور انہیں جیل کے اندر بھی ہراساں کیا گیا۔ بلکاسمن نے جذباتی انداز میں کہا کہ کل ہولی کا تہوار تھا اور آج ان کے بیٹے کی سالگرہ ہے لیکن انہیں اس موقع پر اپنے گھر سے دور جیل میں رکھا گیا۔ 2