بی آر ایس کے سابق سرپنچوں اور قائدین کی کانگریس میں شمولیت

   

مہیش کمار گوڑ نے گاندھی بھون میں استقبال کیا، تانڈور اسمبلی حلقہ کی ترقی کا وعدہ
حیدرآباد 19 اگست (سیاست نیوز) مجالس مقامی کے انتخابات سے عین قبل بی آر ایس سے تعلق رکھنے والے مختلف اضلاع کے قائدین نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ رنگاریڈی ضلع کے تانڈور اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس کے مجالس مقامی کے کئی سابق ارکان نے آج گاندھی بھون پہونچ کر کانگریس میں شمولیت کا اعلان کیا۔ رکن اسمبلی منوہر ریڈی کی قیادت میں سابق سرپنچوں اور دیگر 150 قائدین نے اپنے حامیوں کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے بی آر ایس قائدین کا پارٹی میں استقبال کیا اور اُنھیں کانگریس کا کھنڈوا پہنایا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ بی آر ایس نے 10 سال میں عوامی مسائل کو نظرانداز کردیا تھا جس کے نتیجہ میں قائدین کانگریس کا رُخ کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کارکنوں کو مجالس مقامی کے انتخابات کی تیاریوں میں جٹ جانا چاہئے۔ مہیش کمار گوڑ نے تیقن دیا کہ سماجی انصاف کے مطابق مجالس مقامی کے چناؤ میں کانگریس پارٹی ٹکٹ فراہم کرے گی۔ رکن اسمبلی منوہر ریڈی نے کہاکہ کانگریس حکومت کی 20 ماہ کی کارکردگی سے متاثر ہوکر بی آر ایس قائدین کانگریس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ اپنے اپنے علاقوں کی ترقی کے مقصد سے یہ شمولیت اختیار کی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ بی آر ایس دور حکومت میں تانڈور اسمبلی حلقہ کو نظرانداز کردیا گیا تھا۔ کانگریس کی عوامی حکومت نے اندراماں ہاؤزنگ کے تحت غریبوں کو مکانات الاٹ کئے اور راشن کارڈ پر باریک چاول سربراہ کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کوئی بھی مستحق اور غریب خاندان حکومت کی اسکیمات سے محروم نہیں رہے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ 200 کروڑ سے انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکول کامپلکسوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ضلع رنگاریڈی کو تلنگانہ کے مثالی ضلع میں تبدیل کرنے کا عہد کیا ہے۔1