بی آر ایس کے سیاسی بحران پر کے سی آر فکر مند

   

فارم ہاوز میں ہنگامی اجلاس ، اچھے دن لوٹ آنے کی تسلی دی ۔ پارٹی نہ چھوڑنے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : پارٹی کے سینئیر ارکان اسمبلی کی کانگریس میں شمولیت مزید ارکان اسمبلی ارکان قانون ساز کونسل کی کانگریس سے رابطے میں ہونے کی اطلاعات وصول ہونے کے بعد بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر نے عجلت پسندی میں فارم ہاوز میں ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا اور پارٹی کے عوامی منتخب نمائندوں کو مشورہ دیا کہ وہ جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہ کریں ۔ بہت جلد پارٹی کے لیے اچھے دن آنے والے ہیں ۔ کڈیم سری ہری ، پوچارام سرینواس ریڈی کے علاوہ مزید تین ارکان اسمبلی کی کانگریس میں شمولیت اور مزید ارکان اسمبلی ارکان قانون ساز کونسل کی کانگریس میں شمولیت کی افواہیں عام ہونے کے بعد فارم ہاوز میں پارٹی کے ارکان اسمبلی کا اجلاس طلب کیا ۔ اس اجلاس میں ہریش راؤ ، وی پرشانت ریڈی ، ویویکانند گوڑ ، ایم گوپی ناتھ ، ایم گوپال ، ایم کرشنا راؤ ، اے گاندھی ، پرشانت گوڑ نے ملاقات کی ۔ کے سی آر نے پارٹی کے ارکان اسمبلی کے ساتھ لنچ کیا ۔ ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال ، پارٹی کے امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی موجودہ حالات پر ہرگز پریشان نہ ہو اور جلد بازی میں کوئلہ فیصلہ نہ کریں ۔ ایسے دور کا پارٹی کئی مرتبہ سامنا کرچکی ہے ۔ سابق چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے پارٹی کو نقصان پہونچانے کی بہت کوشش کی تھی جس کا ڈٹ کا مقابلہ کیا گیا ۔ اب ریونت ریڈی بھی وہی کوشش کررہے ہیں مگر وہ اپنے منصوبوں میں ہرگز کامیاب نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پوچارام سرینواس ریڈی کے کانگریس میں شامل ہونے کو زیادہ اہمیت دینے کی ضرورت نہیں ہے ۔ چند ارکان اسمبلی کے پارٹی چھوڑنے پر بی آر ایس کو کوئی نقصان نہیں ہوگا ۔ ریاست میں لا اینڈ آرڈر پوری طرح ناکام ہوگیا ہے ۔ اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے عوام سے کئی وعدے کئے ۔ جس کا عوام بڑی بے چینی سے انتظار کررہے ہیں ۔ وعدوں کی تکمیل میں چیف منسٹر ریونت ریڈی ناکام ہوگئے ۔ بی آر ایس کا مستقبل تابناک ہے ۔ ہم سب مل کر عوامی مسائل پر احتجاج جاری رکھیں گے ۔ کے سی آر نے کہا کہ وہ کل منگل سے مسلسل پارٹی کے ارکان اسمبلی ارکان قانون ساز کونسل سے ملاقات کریں گے۔۔ 2