اسمبلی نتائج بی جے پی کے حق میں رہیں گے، جتیندر ریڈی کو احتیاط کا مشورہ
حیدرآباد ۔30۔ جون (سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے کہا کہ برسر اقتدار بی آر ایس کے قائدین چیف منسٹر کے سی آر کے رویہ سے خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کئی سینئر قائدین میں کے سی آر کے رویہ سے ناراضگی اور بے چینی دیکھی جارہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے کہا کہ پرگتی بھون میں قائدین کے خلاف جو سازشیں تیار کی جارہی ہیں ، اسے روکنے کیلئے کے ٹی آر سے درخواست کی گئی۔ ناراض قائدین کے ٹی آر سے ملاقات کرتے ہوئے پرگتی بھون کی سرگرمیوں پر روک لگانے کی مانگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا ، پنجاب اور ہریانہ میں کے سی آر کی جانب سے ’’اب کی بار کسان سرکار‘‘ کا نعرہ لگانے پر عوام ہنس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں نتائج حضور آباد کی طرح بی جے پی کے حق میں رہیں گے۔ بی جے پی کی ریاستی قیادت کے خلاف سابق رکن پارلیمنٹ جتیندر ریڈی کے ٹوئیٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے راجندر نے کہا کہ جتیندر ریڈی نے کس مقصد سے یہ اظہار خیال کیا ہے، بہتر ہوگا کہ ان سے وضاحت طلب کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تجربہ کار افراد کو اظہار خیال میں احتیاط کرنا چاہئے ۔ راجندر نے کہا کہ کسی بھی تبصرہ کے ذریعہ دوسروں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے سے گریز کیا جائے ۔ واضح رہے کہ جتیندر ریڈی نے ٹک ٹاک ویڈیو کلپ پوسٹ کرتے ہوئے تلنگانہ کی بی جے پی قیادت کے ساتھ اسی طرح کے سلوک کا ذکر کیا تھا ۔ جتیندر ریڈی کے ٹوئیٹ پر پارٹی میں کافی ہلچل ہوئی جس کے بعد جتیندر ریڈی نے وضاحت کی کہ ان کے خیالات کو اپوزیشن کی جانب سے توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے ۔ پردیش کانگریس کے صدر ریونت ریڈی نے تبصرہ کیا کہ جتیندر ریڈی کے ٹوئیٹ سے بی جے پی کی اندرونی صورتحال کا پتہ چلتا ہے۔ ر